سعودی عرب میں نائٹ کلب میں مردوں اور خواتین کے مخلوط ڈانس پر ہنگامہ برپا ہو گیا

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اس شرمناک حرکت پر نائٹ کلب کو بند کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 جون 2019 14:18

سعودی عرب میں نائٹ کلب میں مردوں اور خواتین کے مخلوط ڈانس پر ہنگامہ برپا ہو گیا
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،17 جُون 2019ء) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ایک نائٹ کلب میں ڈانس فلور پر مردوں اور خواتین کی جانب سے مل کر ناچ کرنے کے واقعے پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ ’ہلال‘ ڈسکو کلب میں پیش آیا ہے جہاں سعودی قوانین و ضوابط کے خلاف مرد اور خواتین اکٹھے ناچتے رہے۔ جونہی خواتین اور مردوں کے مخلوط ناچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی حرکت میں آ گئی۔

اتھارٹی نے اس نائٹ کلب کو اُس کی افتتاح کی پہلی رات ہی خلاف قانونِ حرکت پر عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔ جبکہ اس واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ویڈیو ز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین اور مرد مغربی طرز کی دُھنوں پر ناچ رہے ہیں۔ اس نائٹ کلب میں 370 ریال سے 500 ریال کے عوض شیشہ پلانے کی سہولت بھی بھی پیش کی جا رہی تھی۔

(جاری ہے)

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ پر بتایا گیا ہے کہ ایسی اطلاعات سامنے آئی تھی کہ اس نائٹ کلب میں ایک ایونٹ کے دوران قانونی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔

جبکہ اس ایونٹ کے انعقاد کے لیے اتھارٹی سے پیشگی اجازت بھی نہیں لی گئی تھی۔ دراصل کلب کی انتظامیہ کی جانب سے کسی اور تقریب کے لیے اجازت دی گئی تھی، مگر انتظامیہ اس تقریب کی آڑ میں غیر اخلاقی حرکات کی مرتکب پائی گئی۔ واضح رہے کہ اس کلب کی جانب سے اگلے چند روز میں منعقد ہونے والے واٹر فرنٹ فیسٹیول کے لیے امریکی فنکار نی یو کو بھی پرفارم کرنا تھا، تاہم اب اُن کا شیڈول منسوخ کر دیا گیا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں