سعودیہ میں مہنگے ماسک فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی

چھاپہ مار ٹیموں نے غیر مُلکی گروہ کے قبضے سے ایک لاکھ 40 ہزار ماسک برآمد کر لیے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 مارچ 2020 14:48

سعودیہ میں مہنگے ماسک فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2020ء) سعودی مملکت میں کورونا قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ صرف دو روز کے اندر مملکت میں 100 سے زائد مریض سامنے آ گئے ہیں۔ آخری اطلاعات تک مملکت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی 274 تک جا پہنچی ہے۔ اس موذی وائرس سے بچاؤ کی خاطر لوگ دھڑا دھڑ سرجیکل ماسک خرید رہے ہیں۔ تاہم بے حس منافع خوروں نے اس موقع سے فائدہ اُٹھانے کی ٹھان لی ہے اور مارکیٹ میں جان بوجھ کر ماسک کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے۔

لوگ ماسک کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں مگر فارمیسی اور دُکانوں سے انہیں مایوس لوٹنا پڑ رہا ہے۔ سعودی وزارت تجارت نے لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اُٹھانے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ایسی ہی ایک تازہ ترین کارروائی کے نتیجے میں چھاپہ مارٹیموں نے ایک غیر ملکی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے جو لوگوں کو ماسک آن لائن مارکیٹنگ کے ذریعے مہنگے داموں خرید رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس گروہ کے قبضے سے ایک لاکھ 40 ہزار ماسک برآمد کر لیے گئے اور گروہ کے تمام ارکان کو پبلک پراسکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے جو ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر کے مقدمہ چلائے گا۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی وزارت تجارت کی ایک ٹیم نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر وہاں پر بیس لاکھ سے زائد ماسک ضبط کر لیے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایک تجارتی ادارے کے گودام پر چھاپہ مارا گیا جس کے بارے میں اطلاعات تھیں کہ وہاں پر حفاظتی ماسک کی بہت بڑی مقدار ذخیرہ کی گئی ہے۔

چھاپے کے دوران وہاں بیس لاکھ سے زائد ماسک پائے گئے اس کے علاوہ گلوز بھی ہزاروں کی گنتی میں موجود تھے۔انسپکٹرز نے چھاپہ مار کر سارا سامان ضبط کر لیا اور گودام میں موجود ملازمین کو بھی گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا ۔ وزارت تجارت نے انتباہ کیا ہے کہ جن تاجروں نے زیادہ منافع کمانے کے چکر میں حفاظتی ماسک چھپا رکھے ہیں وہ فوری طور پر اسے مارکیٹ میں لے آئیں، ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وزارت کی جانب سے لوگوں کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر دیں تاکہ مملکت میں ماسک کی مصنوعی قلت پر قابو پایا جا سکے۔اس وقت سعودی عرب میں ذخیرہ اندوزی کے سبب ماسک کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ 50 ماسک کا پیکٹ جو آ ج سے ایک ماہ پہلے 8 ریال میں فروخت ہو رہا تھا اب وہ 50 ریال میں بھی منت سماجت کے بعد بیچا جا رہا ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں