سعودی عرب سے پاکستانی مسافروں کی پرواز فیصل آبادروانہ ہو گئی

جدہ سے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے 130 مسافروطن لوٹ رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 مئی 2020 16:23

سعودی عرب سے پاکستانی مسافروں کی پرواز فیصل آبادروانہ ہو گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مئی 2020ء) سعودی عرب میں پھنسے مزید 130 پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 8764 آج دوپہر کو جدہ سے 130 مسافروں کو لے کر فیصل آباد روانہ ہوئی ۔ اُردو نیوز کے مطابق جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے مسافروں کو جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے رخصت کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ اور قونصلیٹ ہمہ وقت وطن واپس جانے کے خواہشمند پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں۔سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی فلائٹس چلائی جا رہی ہیں۔اس وقت وہ پاکستانی زیادہ مشکل میں ہیں جن کا ہروب لگا ہوا یا جن کے اقامے کی مدت ختم ہو گئی ہے اور وہ غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں، قونصلیٹ اور سفارتحانے نے کورونا کی وبا پھیلنے سے قبل ایسے افراد کو وطن واپس بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اب جبکہ خصوصی فلائٹس چلائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے حکومت پاکستان کرونا وائرس کی وبا کے دوران سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔خصوصی فلائٹس کے لیے ٹکٹ قونصل خانے میں پی آئی اے کا عملہ جاری کرتا ہے۔خصوصی فلائٹس کے لیے ٹکٹ قونصل خانے میں پی آئی اے کا عملہ جاری کرتا ہے جس کی قیمت 1861 ریال ناقابل واپسی ہے۔

فلائٹس میں ایسے مسافروں کو ترجیح دی جا رہی ہے جن کا وزٹ ویزہ ہے، خروج نہائی لگ چکا ہے یا جن کی میڈیکل ایمرجنسی ہے۔دوسری جانب وزارت کی جانب سے دس روزہ شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 22 مئی سے 31 مئی تک دُنیا کے مختلف ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 47 فلائٹس چلائی جائیں گی۔ متحدہ عرب امارات سے بھی پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے 22مئی سے 31 مئی تک پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے 22 خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے 20 پروازیں ہزاروں پاکستانیوں کو واپس پاکستان پہنچائیں گی۔ جبکہ امارتی ایئرلائنز بھی اس مُدت کے دوران 2 فلائٹس پاکستان کے لیے روانہ ہوں گی۔ ان 22 پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 5 ہزار پاکستانی واپس اپنے وطن پہنچ جانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔تاہم اس شیڈول میں حالات کے مطابق تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔ 11مئی سے 21 مئی تک دنیا بھر سے 12 ہزار پاکستانیوں کو خصوصی فلائٹس کے ذریعے پاکستان لایا گیا ہے۔

دُبئی کے قونصل خانے کی جانب سے گزشتہ جمعرات تک پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے 5,883پاکستانی امارات سے پاکستان پہنچا دیئے گئے ہیں۔ اس وقت امارات میں سب سے زیادہ پاکستانی شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ پاکستانی قونصل خانے کہ اگر کسی پاکستانی کو خصوصی پروازوں میں سفر کے لیے منتخب کر بھی لیا جاتا ہے، تو اسے پرواز میں سوار ہونے سے قبل ریپڈ کورونا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ اگر کسی مسافر کا ٹیسٹ مثبت آ گیا تو اسے پرواز میں سوار نہیں کیا جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں