سعودی قونصل خانے نے پاکستانی تارکین کے لیے قونصلر وزٹ بحال کر دیئے

قونصلر ٹیم 10،11 جولائی کو مدینہ منورہ کے پاکستان ہاؤس میں قیام کرے گی، جازان، ابہا، ینبع، باحہ اور دیگر علاقوں کے لیے بھی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 30 جون 2020 10:45

سعودی قونصل خانے نے پاکستانی تارکین کے لیے قونصلر وزٹ بحال کر دیئے
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جون 2020ء) جدہ میں قائم پاکستانی قونصل خانے نے کرفیو کے خاتمے کے بعد مدینہ منورہ اور دیگر شہروں کے لیے قونصلر وزٹ بحال کر دیئے ہیں اور اس حوالے سے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اُردو نیو ز کے مطابق قونصلیٹ ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ میں قونصلر ٹیم دس اور گیارہ جولائی کو دورہ کرے گی۔ اس کا قیام پاکستان ہاوس میں ہوگا۔

جازان، ابہا، ینبع، باحہ اور دیگر علاقوں کے لیے بھی قونصلر وزٹ کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔قونصلیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ قونصلر ٹیم ہرعلاقے میں دو دن قیام کرتی ہے۔ پہلے دن دستاویزات جمع کی جاتی ہیں اور دوسرے دن انہیں واپس کیا جا تا ہے۔ قونصلر خدمات کے لیے آنے والوں سے تمام احتیاطی اقدامات کی پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے عائد پابندیوں کے باعث قونصلر خدمات اور وزٹ معطل کردیے تھے۔

کرفیو اٹھائے جانے کے بعد ریاض میں پاکستانی سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ ویزا سروسز کیعلاوہ اپنی تمام قونصلرخدمات بحال کر چکا ہے۔ اس میں پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلقہ تمام سروسز شامل ہیں۔ قونصلر خدمات کے لیے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

سفارتخانے اور قونصلیٹ نے کمیونٹی سے درخواست کی ہے کہ وہ کورونا وبا سے بچاوٴ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قونصلر خدمات کے لیے ہر روز سفارت خانے اور قونصلیٹ سے رجوع کرتی ہے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے تحت پچاس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک اور دو میٹر کا سماجی فاصلہ برقرار رکھنا بھی لازمی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں