سعودی عرب میں ایک اور ہولناک ٹریفک حادثہ، 1 ہلاک، 7 زخمی

جدہ کے الساحل روڈ پر دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر بُری طرح پچک گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 اگست 2020 10:25

سعودی عرب میں ایک اور ہولناک ٹریفک حادثہ، 1 ہلاک، 7 زخمی
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اگست 2020ء) سعودی عرب میں ایک انتہائی ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر بُری طرح پچک گئیں۔ یہ حادثہ جدہ کے جنوبی کورنیش کے الساحل روڈ پر پیش آیا ہے جب دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں ایک مسافرجاں بحق ہو گیا جبکہ 7زخمی ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ہلال احمرکے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں، جنہوں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ حائل میں ایک خوفناک حادثے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں 4 پاکستانی تارکین بھی شامل تھے۔ یہ حادثہ حائل شہر سے 250 کلومیٹر دُور پیش آیاتھا جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں میں سوار 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔

(جاری ہے)

محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پانچ افرادپر مشتمل سعودی خاندان اپنی گاڑی میں سفر کر رہا تھا جب سامنے سے آنے والی ایک پک اپ ان کی کار سے ٹکرا گئی۔جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ تصادم کے نتیجے میں ایک ہی سعودی خاندان کے پانچ افراد اور پک اپ میں سوار چاروں پاکستانی موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ جب تک ابتدائی طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچتیں، کوئی مسافر بھی زندہ نہیں بچا تھا۔

تمام بدنصیبوں کو حائل کمشنری کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق سعودی فیملی حائل کی رہائشی تھی۔ اس خاندان کا سربراہ حائل میں پولیس سارجنٹ تھے جن کا نام مرزوق الرشیدی بتایا گیا ہے۔ مرزوق اپنی بیوی ، دو بیٹیوں اورایک بیٹے کے ہمراہ اپنے ایک رشتہ دار کے ہاں جا رہے تھے۔ تاہم انہوں نے اپنے 17 سالہ بڑے بیٹے کو گھر پر ہی چھوڑ دیا تھا، ورنہ اس کی زندگی بھی شاید محفوظ نہ رہ پاتی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں