جدہ ہائی وے پر پٹرول ٹینکر کو حادثہ کے بعد آگ لگ گئی

اس حادثے کے نتیجے میں آگ سینکڑوں میٹر تک پھیل گئی، 11 گاڑیاں بھی جل کر راکھ ہو گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 25 اگست 2021 10:25

جدہ ہائی وے پر پٹرول ٹینکر کو حادثہ کے بعد آگ لگ گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 اگست 2021ء)   سعودیہ کے ساحلی شہرہ جدہ کی ہائی وے پر اس وقت کھلبلی مچ گئی جب ایک آئل ٹینکر کو حادثہ پیش آنے کے بعد اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس نے آس پاس کئی سو میٹر تک کے علاقے میں موجود گاڑیاں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہ حادثہ جدہ سے مکہ جانے والی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔ یہ ایک انتہائی خوفناک منظر تھا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

مکہ کی انتظامیہ کے مطابق اس آتشزدگی کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی 11 گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔
تاہم خوش قسمتی سے ان گاڑیوں میں موجود افراد بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ رات کے وقت پیش آیا۔ جس کے بعد ریسکیو حکام چند منٹوں میں موقع پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

حادثے کے ٹریفک کو دیگر راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔

دو گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹریفک بحال کر دی گئی۔
واقعے کی بہت سی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں فائر فائٹرز کو بڑی محنت سے اس آگ کو بجھانے کی کوشش میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودیہ میں گزشتہ کچھ عرصہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

ہر روز کسی نہ کسی ٹریفک حادثہ میں لوگوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ اس حوالے سے سعودی پبلک پراسیکیوشن نے وارننگ جاری کردی ہے کہ تیز رفتار سے گاڑی چلانا ایک سنگین جرم ہے جس پر قید بھی ہو سکتی ہے۔ حدِ رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانا ڈرائیور کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کی زندگی کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔ پبلک پراسیکیوشن نے واضح کیا ہے کہ جن شاہراہوں پر حدِ رفتار 140 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، اگر کسی نے اس سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافی رفتار سے گاڑی چلائی اور اس دوران کوئی حادثہ پیش آگیا تو اسے سنگین جرم شمار کر کے مقدمہ چلایا جائے گا۔

یہی صورت حال 120 کلومیٹر حدِ رفتار والی شاہراہ پر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ اضافی رفتار سے گاڑی چلانے پر لاگو ہو گی۔ پبلک پراسیکیوشن نے واضح کیا ہے کہ حدِ رفتار سے تجاوز کے دوران کسی حادثے کے نتیجے میں کسی شخص کی موت واقع ہونے، معذوری ہونے یا ایسی گہری چوٹ آنے جس کی شفایابی پر 21 روز سے زائد گزر جائیں، ان تمام صورتوں میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں