سعودی عرب کی معروف مارکیٹ میں خوفناک آتش زدگی

فرنیچر اور کیمیکلز کی درجنوں دُکانیں جل کر تباہ ہو گئیں، لاکھوں ریال کا نقصان ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 8 فروری 2020 12:05

سعودی عرب کی معروف مارکیٹ میں خوفناک آتش زدگی
نجران(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8فروری 2020ء) سعودی عرب کے علاقے نجران کی ایک معروف مارکیٹ میں خوفناک آتش زدگی سے درجنوں دُکانیں اور اُن میں موجود سامان جل کر تباہ ہو گیا۔ سعودی اخبار 24 کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ نجران کے علاقے الحصین میں واقع فرنیچر اور کیمیکلز و معدنی اشیاء سے متعلق ایک مارکیٹ میں پیش آیا۔ پلک جھپکنے میں ہی آگ نے کئی دُکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

خوش قسمتی سے دُکانوں میں موجود تمام افراد بروقت باہر نکل کر اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئی۔ جب فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا توآگ بہت وسیع رقبے پر پھیل چکی تھی۔ جس کے باعث آگ پر قابو پانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔پورے علاقے میں دھواں ہی دھواں ہو جانے کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس آتش زدگی کی وجوہات کے لیے فی الحال تحقیقات کی جا رہی ہیں ، جس کے بعد ہی وجہ سامنے آ سکے گی۔

شہری دفاع کے عملے کے مطابق دُکانوں کے پچھلے حصّے میں گھاس پھوس کے ایک گودام تھا، جس کے وجہ سے آگ زیادہ تیزی سے پھیل گئی اور قیمتی فرنیچر اور دیگر سامان کے ضائع ہونے کا باعث بنی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران ہی جدہ کے مصروف کاروباری علاقے العزیزیہ میں بھی ایک الیکٹرک مارکیٹ کی ایک دُکان میں آگ بھڑک اُٹھی۔ یہ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کی دُکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

جس کے باعث دُکاندار اور سامان خریدنے آنے افراد بھی اپنی جانیں بچانے کے لیے وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ الیکٹرک اشیاء کی خرید و فروخت کے لیے مشہور مارکیٹ’سوق الغراب‘ العزیزیہ کے علاقے کی شارع بلدیہ پر واقع ہے۔ جہاں گزشتہ روز سوا تین بجے سہ پہر کو اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن عثمان القرنی نے بتایا کہ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ کا عملہ اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔

آگ بُجھانے کے مستعد عملے نے فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے کارروائی شروع کر دی جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسے مکمل طور پر بُجھانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ آخر کار کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بظاہر یہ آگ شارٹ سرکٹ کا نتیجہ لگتی تھی۔

نجران میں شائع ہونے والی مزید خبریں