سعودی عرب میں ڈاکو نے گاڑی چھین کر خاتون ڈرائیورکو کُچل ڈالا

زخمی خاتون بچ گئی، ملزم کی جانب سے چوری کیے گئے کریڈٹ کارڈ سے شاپنگ سے پولیس کی اس کی لوکیشن کا پتا چل گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 اگست 2020 09:55

سعودی عرب میں ڈاکو نے گاڑی چھین کر خاتون ڈرائیورکو کُچل ڈالا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 اگست 2020ء) سعودی عرب میں ایک نوجوان ڈاکو نے ایک خاتون کو گاڑی چلاتا دیکھ کر واردات انجام دے دی۔ ملزم نے خاتون سے گاڑی چھین لی ، تاہم جب وہ فرار ہونے لگا تو خاتون گاڑی کے سامنے آ گئی۔ بے رحم نوجوان نے گاڑی خاتون پر چڑھا دی تاہم عین وقت پر سائیڈ پر ہو جانے سے خاتون زخمی ہو گئی مگر اس کی زندگی بچ گئی۔ خاتون کی جانب سے فوری طور پر ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرا دی گئی ۔

یہ واقعہ جازان ریجن میں پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کی گئی، بالآخر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جو سرحدی علاقے کے قریب فرار ہونے کی کوشش میں تھا۔ ملزم نے چوری کی گئی گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی تبدیل کر لی تھی اور واردات کے اگلے چند گھنٹوں بعد گاڑی میں موجود خاتون کے کریڈٹ کارڈ سے بھی شاپنگ کی، جس کے پولیس کو اس کی لوکیشن کا پتا چل گیا۔

(جاری ہے)

ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا اور خاتون کو اس کی گاڑی لوٹا دی گئی ہے۔ پولیس نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ ملزم کا تعلق کسی دہشت گرد تنظیم سے ہو سکتا ہے، تاہم مزید تفتیش کے بعد ہی حقائق سامنے آ سکیں گے۔ دوسری جانب ریاض پولیس نے چوری کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث سات رُکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے جس میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی افراد شامل ہیں۔

ریاض پولیس کی جانب سے بتایا کہ ملزمان کئی سالوں سے وارداتیں کر رہے تھے، تاہم اپنی ہوشیاری کی وجہ سے کوئی ثبوت نہ چھوڑتے جس کی وجہ سے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے میں خاصی دُشواری پیش آ رہی تھی۔ملزمان ریاض کے مختلف علاقوں میں واقع بجلی کمپنی کے گوداموں اور دفاتر سے الیکٹرک کیبلز اور سرکٹ بریکرز چُرا کر انہیں بازار میں فروخت کر دیتے تھے۔

تفتیش کے دوران ملزمان نے 250 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جن کی مالیت 37 لاکھ 50 ہزار ریال (پاکستانی کرنسی میں تقریباً 17 کروڑ روپے) بنتی ہے۔ ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ ملزمان کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے کئی ہفتوں کی محنت کے بعد تمام ملزمان کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔ ملزمان چوری کیا گیا سامان ریاض کے ایک مضافاتی علاقے کے فارم ہاؤس میں منتقل کر دیتے ، جسے بعد میں بازار میں فروخت کر دیا جاتا تھا۔ اس گودام سے لاکھوں ریال کی مالیت کا چوری شدہ سامان اور واردات میں استعمال ہونے آلات و اوزار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں