سعودیہ؛ اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید توسیع کے اہل افراد کے ممالک کی فہرست جاری

پاکستان ، بھارت ، مصر، ایتھوپیا، ویتنام ، افغانستان، جنوبی افریقہ، ترکی، زمبابوے، نمبیا، موزمبیق، بوستوانا، لیسوتو، ایسواتینی اور لبنان سے مملکت آنے پر پابندیوں کا شکار افراد کے اقامہ اور خروج وعودہ میں توسیع کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 نومبر 2021 10:33

سعودیہ؛ اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید توسیع کے اہل افراد کے ممالک کی فہرست جاری
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2021ء ) سعودی حکام نے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید توسیع کے اہل افراد کے ممالک کی فہرست جاری کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ جوازات سے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں دی جانے والی خصوصی رعایت کے حوالے سے دریافت کیا گیا کہ کن ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع ہوگی؟ اس سوال کے جواب میں جوازات کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام ایسے ممالک جہاں سے تعلق رکھنے والے اقامہ ہولڈرز سفری پابندی کی وجہ سے اپنے ویزا کی مقررہ میعاد کے اندر سعودی عرب نہیں آسکے ان ممالک کے ویزا ہولڈروں کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 31 جنوری 2022 تک توسیع کی جارہی ہے ، ان ممالک میں پاکستان ، بھارت ، مصر، ایتھوپیا، ویتنام ، افغانستان، جنوبی افریقہ، ترکی، زمبابوے، نمبیا، موزمبیق، بوستوانا، لیسوتو، ایسواتینی اور لبنان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر اقاموں، خروج و عودہ اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں مفت توسیع کا اعلان کیا ہے ، کورونا وباء کے باعث مملکت آنے پر پابندی والے ممالک میں موجود غیرملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں خودکار نظام کے تحت 31 جنوری 2022ء تک توسیع ہوگی ،سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر اقاموں، خروج و عودہ اور ویزٹ ویزوں میں 31 جنوری 2022 تک توسیع ہوگی ، یہ توسیع خود کار نظام کے تحت کسی فیس اور مقابل مالی کے بغیر کی جا رہی ہے ، سعودی وزیر خزانہ نے قومی پالیسی کے تحت توسیع پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے۔

محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ توسیع کی کارروائی نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خودکار نظام کے تحت کی جائے گی ، اس مقصد کے لیے غیرملکیوں کو محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر اور نہ بیرون مملکت سعودی سفارتخانوں یا قونصلیٹس سے رجوع کرنا ہوگا تاہم اس سہولت سے وہ غیر ملکی مستثنیٰ ہوں گے جو مملکت سے روانہ ہونے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں