ابو ظہبی: تیز رفتارکارکی ٹکر نے چار افراد کی زندگیاں ختم کر ڈالیں

عدالت نے مجرم ڈرائیور کو جیل بھیج دیا ، مرحومین کے ورثاء کو 6لاکھ درہم دیت میں دینے کا حکم بھی سُنا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 جنوری 2020 16:16

ابو ظہبی: تیز رفتارکارکی ٹکر نے چار افراد کی زندگیاں ختم کر ڈالیں
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری2020ء) ابو ظہبی میں ایک شخص کی انتہائی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ نے چار زندگیوں کا چراغ بُجھا دیا۔ یہ واقعہ ابو ظہبی ہائی وے پر پیش آیا تھا۔ابو ظہبی کی عدالت نے نوجوان ڈرائیور کو تیز رفتاری کا ذمہ دار قرار دے کر اسے ایک سال کے لیے جیل بھیج دیا اور 10 ہزار روپیہ جرمانہ بھی ادا کرنے حکم سُنایا ہے۔ اس کے علاوہ حادثے میں مارے جانے والے چاروں افراد کو دیت میں 6 لاکھ درہم کی بھاری رقم کی ادائیگی کا حکم بھی سُنایا ہے۔

مجرم کا ڈرائیونگ لائسنس بھی ایک سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ نوجوان نے عدالت میں اعتراف کیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران تیز رفتاری کے باعث اسٹیئرنگ پر اپنا کنٹرول نہیں رکھ پایا تھا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر آگے جاتی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک خلیجی ملک سے تعلق رکھنے والا نوجوان ابو ظہبی کی ایک شاہراہ پر تیز رفتاری سے کار چلا رہا تھا، جب گاڑی اچانک اُس کے قابو سے باہر ہو کر ایک اور گاڑی سے ٹکرا گئی جو کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا گری۔

جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو مرد اور دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ استغاثہ نے نوجوان ڈرائیور پر خطرناک ڈرائیونگ کرنے، حدِ رفتار کی خلاف ورزی کرنے ، دُوسروں کی زندگیوں کو خطر ے میں ڈالنے اور عوامی اثاثے کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے۔ نوجوان ملزم نے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تاہم اُس نے ساتھ میں رحم کی اپیل بھی کی اور کہا کہ وہ آئندہ کبھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔

تاہم عدالت نے ملزم کو ایک سال قید اور جرمانوں کی سزا سُنا دی۔ اور اُسے حکم دیا کہ وہ جاں بحق ہونے والے دونوں مردوں کے ورثاء کو 2، 2 لاکھ درہم جبکہ دونوں متوفی خواتین کے ورثاء کو 1، 1 لاکھ درہم بطور دیت ادا کرنے کا پابند ہو گا۔ ورنہ اُس کی سزا مزید بڑھا دی جائے گی۔نوجوان ڈرائیور کو اس فیصلے کے خلاف پندرہ دِن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق دیا گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں