امارات کی رائل فیملی آل نہیان دنیا کا امیر ترین خاندان قرار

ابوظہبی کے حکمران خاندان کی دولت 305 ارب امریکی ڈالر یعنی 861 کھرب 63 ارب پاکستانی روپے ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 دسمبر 2023 15:48

امارات کی رائل فیملی آل نہیان دنیا کا امیر ترین خاندان قرار
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 دسمبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی رائل فیملی آل نہیان کو دنیا کا امیر ترین خاندان قرار دے دیا گیا۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 2023ء کا سال دنیا کے 25 امیر ترین خاندانوں کے لیے بہت ہی شاندار رہا، دنیا کےامیرترین خاندانوں کی دولت میں مجموعی طور پر 43 فیصد یعنی 1 عشاریہ 5 ٹریلین ڈالر اضافہ ہوا، یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 4 ہزار 337 کھرب 50 ارب روپے بنتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی کی رائل فیملی نے اس لسٹ میں دنیا کے تمام خاندانوں کو پیچھے چھوڑ چکا ہے، اس وقت یو اے ای کا حکمران خاندان آل نہیان 305 ارب امریکی ڈالر یعنی 861 کھرب 63 ارب پاکستانی روپے کے اثاثوں کا مالک ہے، ابوظہبی کے حکمران خاندان نے امریکہ کی والٹن فیملی کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین خاندان کا اعزاز حاصل کیا اور گزشتہ 5 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب والمارٹ کے وارثوں کے علاوہ کسی اور فیملی کو دنیا کا امیر ترین خاندان قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود امریکہ کی والٹن فیملی کی دولت 259 عشاریہ 7 ارب ڈالر، تیسرے نمبر پر فرانسیسی لگژری فیشن ہاؤس ہرمیس کے مالکان ہیں جن کی دولت 150 عشاریہ 9 ارب ڈالر ہے، اس کے بعد پالتوں جانوروں کی مصنوعات کے حوالے سے مشہورامریکی خاندان مارس چوتھے پر ہے جن کی دولت 141 عشاریہ 9 ارب ڈالر ہے جب کہ لسٹ میں پانچواں نمبر قطر کے شاہی خاندان کا ہے، جن کے مجموعی اثاثوں کی مالیت تقریباً 133ارب ڈالر ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ دنیا کے امیر ترین خاندانوں کی فہرست میں امریکی کوچ انڈسٹریز کے مالکان 127 عشاریہ 3 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے، سعودی عرب کا شاہی خاندان آل سعود 112 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، آٹھویں نمبر پر موجود بھارت کے ریلائنس انڈسریز کے مالکان امبانی فیملی کی دولت 89 عشاریہ 9 ارب ڈالر ہوچکی ہے، فہرست میں نواں نمبر فرانس کے لگژری فیشن ہاؤس چینل کے مالکان ورتھیمرخاندان کا ہے، جن کی دولت 89 عشاریہ 6 ارب ڈالر ہے، دسویں نمبر پر موجود کینیڈا کے میڈیا ہاؤس تھامس رائٹر کے مالکان رائٹر فیملی کی دولت اس وقت 71 عشاریہ 1ارب ڈالر ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں