شارجہ میں دو ہزار کلو سے زائد ممنوعہ پان پراگ برآمد

یہ ممنوعہ برانڈ انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک رہائش گاہ سے پکڑا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 7 جنوری 2019 13:55

شارجہ میں دو ہزار کلو سے زائد ممنوعہ پان پراگ برآمد
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری 2019ء) شارجہ میونسپلٹی نے حالیہ آپریشن کے دوران مشہور انڈین برانڈ پان پراگ کی دو ٹن سے زائد مقدار پکڑ لی۔ امارات میں پابندی شُدہ پان پراگ شارجہ انڈسٹریل ایریا میں واقع مزدوروں کی ایک رہائشی بلڈنگ کے ایک کمرے میں چھُپایا گیا تھا۔ مانیٹرنگ اینڈ سول انسپکشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر خلیفہ بو غنیم السُوویدی نے بتایا کہ پان پراگ کی یہ بھاری مقدار میونسپلٹی کی جانب سے جاری اُس آپریشن کا حصّہ ہے جس میں تمباکو پینے والے، بیچنے والے اور اس کی تیاری میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

جبکہ سگریٹ کی ہی ایک قِسم نسوار کی فروخت پر بھی پابندی لگانے کے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کو پکڑا جا رہا ہے۔ جس میں بڑی کامیابی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

البتہ کچھ لوگ انسانی صحت کے لیے مضر پان پراگ کو ابھی تک خفیہ طریقوں سے امارات میں منتقل کر کے فروخت میں ملوث ہیں۔ اس نوعیت کی روک تھام کے سلسلے میں ہی میونسپلٹی نے پولیس اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے غیر مُلکی کارکنان کی ایک رہائش گاہ پر دھاوا بول کر وہاں سے دو ہزار کلو سے زائد پان پراگ ضبط کرنے کے فوری بعد اُسے تلف کر دیا گیا۔

اس رہائشی عمارت کے مالک کو گرفتار کر کے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ جو اُسے چند روز میں عدالت میں پیش کر دے گا۔میونسپلٹی کی ہیلپ لائن 993پر کسی شخص نے اس ممنوعہ برانڈز کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ جس کی تصدیق کے بعد یہ کارروائی انجام دی گئی۔ اماراتی قانون کے تحت تمباکو اور نسوار کی فروخت اور تیاری پر 5000درہم کا بھاری جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جبکہ جن مقامات پر ان کی پیکنگ وغیرہ ہوتی ہے، اُنہیں بھی مستقل طور پر بند کر دیا جاتا ہے۔ میونسپلٹی کو اطلاع مِلی ہے کہ نسوار کی فروخت پر پابندی کے بعد بہت سے افراد پان پراگ جیسی مضر صحت چیز کاس استعمال کرنے لگ گئے ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں