شارجہ کے فرمانروا نے ریاست کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا

اس مسجد کی سیاحت کے لیے غیر مسلموں کے لیے بھی مخصوص راستے بنائے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 13 مئی 2019 11:27

شارجہ کے فرمانروا نے ریاست کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13 مئی 2019ء) شارجہ کے فرمانروا اور امارات کی سُپریم کونسل کے ممبر شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے ریاست کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کر دیا۔ یہ عالی شان مسجد 30 کروڑ ریال سے تیار کی گئی ہے جو ملیحہ اور ایمریٹس روڈ کے انٹرسیکشن کے قریب واقع ہے۔ اس مسجد میں بیک وقت25 ہزار کلمہ گو افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔

اس مسجد کی تعمیر 2014ءمیں شروع ہوئی تھی۔ یہ عالی شان مسجد اور اس سے ملحقہ باغات 20 لاکھ مربع فٹ پر پھیلے ہوئے ہیں۔ اس مسجد کی ایک اور انفرادیت یہ ہے کہ یہاں غیر مسلم سیاح بھی آ سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مسجد میں مخصوص احاطے اور راستے بنائے گئے ہیں۔ اس مسجد میں ایک شاندار لائبریری بھی ہے جس میں ہزاروں کتابیں رکھی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مسجد کے احاطے میں بنی لا تعداد پارکنگ ایریا میں 2200 سے زائد کاریں اور بسیں پارک کرنے کی سہولت موجود ہے۔

وہ لوگ جو اس مسجد کی صرف سیر کرنا چاہتے ہیں اُن کے لیے مسجد کے اطراف میں ایک ربڑ ٹریک بنایا گیا ہے۔ مسجد کو دلفریب فواروں سے بھی آراستہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پر ایک سوونیئر شاپ اور عجائب گھر بھی موجود ہے۔ شارجہ کے فرمانروا ڈاکٹر شیخ سلطان، ولی عہد اور دیگر اعلیٰ حکام نے اس موقع پر عشاءاور تراویح کی نماز بھی ادا کی۔ جس کے بعد انہوں نے مسجد کے مختلف حصّوں کی سیر کی اور وہاں رکھی کتابیں اور مختلف اسلامی ادوار سے متعلق نوادرات بھی دیکھیں۔ اس موقع پر اُنہیں 3D ہالوگرام شو کے علاوہ مسجد کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں