شارجہ کے مشہور ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے پر 18 غیر ملکی ملازمین ہسپتال پہنچ گئے

دُبئی میونسپلٹی نے ریسٹورنٹ بند کرنے کے بعد انتظامیہ پر جرمانہ عائد کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 اکتوبر 2019 15:00

شارجہ کے مشہور ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے پر 18 غیر ملکی ملازمین ہسپتال پہنچ گئے
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3اکتوبر2019ء) شارجہ میں واقع ایک مشہور ریسٹورنٹ میں کھانے کے لیے آئے 18 غیر مُلکیوں کی اس وقت جان پر بن گئی جب کھانے کے دوران ہی اُن کی حالت اچانک بگڑ گئی۔ جس کے بعد انہیں فوری طور پر القاسمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ کی ایک بلڈنگ میٹریل کمپنی نے اپنے قیام کے دس سال مکمل ہونے پر ایشیائی اور افریقی ملازمین کے لیے مشہور ریسٹورنٹ میں لنچ کا بندوبست کر رکھا تھا۔

تاہم کمپنی کا یہ جشن اس وقت افسوس ناک صورتِ حال اختیار کر گیا جب ان ملازمین کے کھانا کھانے کے بعد انہیں پیچش، بخار لاحق ہو گیا اور ساتھ ساتھ اُلٹیاں بھی آنے لگیں۔جس کے بعد انہیں القاسمی ہسپتال سمیت شہر کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے ریسٹورنٹ کے کھانے کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے اسے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

جبکہ شارجہ میونسپلٹی کی جانب سے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریسٹورنٹ کو غیر معینہ مُدت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور اس پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ ریسٹورنٹ کے مینجر کا کہنا تھا کہ ہم نہیں جانتے کھانے میں زہریلا پن کیسے آیا۔ کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ ہم نے کبھی بچا ہوا کھانا گاہکوں کو نہیں کھلایا، اس روز بھی ریسٹورنٹ سے 250 لوگوں نے کھانا کھایا، کسی ایک کو بھی مسئلہ نہیں ہوا۔ میونسپلٹی کے ایک اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے فوڈ پوائنٹس پر باقاعدگی سے انسکپشن کی جاتی ہے۔ اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کے علاوہ عارضی بندش کی سزا بھی دی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں