شارجہ جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے اہم اعلان ہو گیا

پی سی آر ٹیسٹ سے متعلق اہم شرط سخت کر دی گئی، اب 96 گھنٹے کی بجائے 72 گھنٹے پُرانی رپورٹ قابل قبول ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 14 اپریل 2021 15:26

شارجہ جانے والے پاکستانی مسافروں کے لیے اہم اعلان ہو گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 اپریل2021ء) متحدہ عرب امارات میں اگرچہ کورونا کی وبا پر ایک بار پھر خاصی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ مملکت میں چند ماہ قبل یومیہ کیسز چار ہزار تک پہنچ گئے تھے، تاہم سخت احتیاطی اقدامات اور ایس او پیز کے بعد اب یہ یومیہ کیسز دو ہزار کے ہندسے سے نیچے آ گئے ہیں۔ ابوظبی اور دُبئی کے ایئرپورٹس پر آنے والے مسافروں پرکورونا ٹیسٹنگ کے حوالے سے سخت شرائط عائد ہیں۔

اب شارجہ کی ریاست نے بھی بین الاقوامی مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی قابل قبول میعاد میں کمی کر دی ہے۔ شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سے تمام بین الاقوامی مسافروں کو شارجہ آنے کے لیے جو پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کرناہو گی۔ فلائٹ میں سوار ہوتے وقت اس رپورٹ کو حاصل کیے ہوئے 72 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔

(جاری ہے)

ورنہ شارجہ کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سے متعلق اس تبدیلی کا فیصلہ شارجہ ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے کیا ہے جس کے بعد شارجہ ایئرپورٹس کی انتظامیہ کو اس فیصلے پر عمل درآمد کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق پہلے شارجہ آنے والے مسافروں کو رعایت تھی کہ وہ پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کرنے کے 96 گھنٹے بعد تک شارجہ کا سفر کر سکتے تھے۔

تاہم اب اس رپورٹ کے حاصل کرنے کے بعد سفر کرنے کی میعاد میں پورے 24 گھنٹے کی کمی کر دی گئی ہے۔ اب مسافروں پر لازم ہو گا کہ وہ رپورٹ حاصل کرنے کے بعد 72 گھنٹوں کے اندر سفر کریں۔ ورنہ انہیں سفر کے لیے نئی رپورٹ حاصل کرنا ہو گی۔ مسافروں پر اس پابندی کا اطلاق پانچ روز بعد شروع ہو جائے گا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ایئرپورٹ اُترنے والے مسافروں کا موقع پر ہی پی سی آر ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

اگر کسی مسافر کا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا تواسے فوری طور پر قرنطینہ منتقل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ابوظبی نے اسرائیل کو گرین لسٹ میں شامل کر کے بڑی رعایت دے دی ہے۔ جس کے بعد اب اسرائیلی شہریوں کو ابوظبی پہنچنے پر قرنطینہ کی پابندی نہیں کرنی پڑے گی۔ چند روز قبل ابوظبی کے ڈیپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹورازم نے نئی گرین لسٹ جاری کی ہے جس میں پہلی بار اسرائیلی باشندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو ابوظبی ایئرپورٹ اُترنے پر صرف PCR ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ نئی گرین لسٹ میں آسٹریلیا، بھوٹان، برونائی، چین، گرین لینڈ، ہانگ کانگ، آئس لینڈ، اسرائیل، ماریشس، مراکش، نیوزی لینڈ، سعودی عرب، سنگاپور اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔ 

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں