شارجہ میں ڈارئیونگ لائسنس سے متعلق بڑی سہولت کا اعلان

پولیس نے غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹرانسلیشن سروس شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 دسمبر 2022 14:10

شارجہ میں ڈارئیونگ لائسنس سے متعلق بڑی سہولت کا اعلان
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 دسمبر 2022ء ) شارجہ پولیس نے غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹرانسلیشن سروس کا اعلان کردیا، یہ سہولت انفارمیشن سنٹر کی پانچ شاخوں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق یہ اقدام شارجہ پولیس اور انفارمیشن سینٹر کے درمیان غیر ممالک سے جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کو سمارٹ سروسز میں تبدیل کرنے کے حوالے سے ایک معاہدے کے بعد کیا گیا ہے، گاڑی مالکان شارجہ، دبئی اور عجمان میں مرکز کی پانچ شاخوں میں ترجمہ سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کے لیے شارجہ پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل ڈاکٹر احمد سعید النور اور انفارمیشن سینٹر کی جانب سے عبدالجلیل محمد المرزوقی نے پولیس کے ٹریفک اور لائسنسنگ سروسز سینٹر کے ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ معاہدے پر ٹریفک اینڈ لائسنسنگ سروسز سنٹر کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل محمد عالی، وہیکلز اینڈ ڈرائیورز لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ماجد النعیمی اور ڈرائیورز لائسنسنگ کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل راشد الفردان کی موجودگی میں دستخط کیے گئے، بریگیڈیئر النور نے ایسے معاہدوں کی اہمیت پر زور دیا اور متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری اور ادارہ جاتی تعاون کی تعمیر کے لیے مشترکہ کام کی ضرورت پر زور دیا۔

المرزوقی نے دونوں فریقوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور ریاست اور معاشرے کے مفاد میں اپنا کردار ادا کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے شارجہ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں