اللہ کے برگزیدہ بندوں کے مزارات علم وعرفان کے سرچشمے ہیں، غلام شبیر

منگل 9 مئی 2023 17:21

احمد پورسیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2023ء) معروف صحافی غلام شبیر نے کہا ہے کہ اللہ کے برگزیدہ بندوں کے مزارات علم وعرفان کے سرچشمے ہیں جہاں پر حاضری سے نہ صرف روحانی تسکین ملتی ہے بلکہ قلبی سکون بھی حاصل ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون شریف سندھ میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری کے بعد احمد پور سیال میں اپنے سفر کی روداد بیان کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پہنچنے پر ہمارا والہانہ ، فقید المثال اور شاندار استقبال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سندھی ہمارے بھائی ہیں اور سندھ کی تہذیب وثقافت بھی قدیم ہے ۔حضرت لعل شہباز قلندر کا آستانہ عالیہ صرف سیہون شریف کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے سندھ کے لیے باعث اعزاز ہے جہاں زائرین اور عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر ان بزرگان دین میں سے ہیں جن سے کئی کرامات منسوب ہیں ۔

وہ ایک متقی اور پارسا صوفی بزرگ تھے جنہوں نے اشاعت اسلام کے سلسلہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے دربار پر ’’دھمال ‘‘ عقیدت مندوں پر وجدانی کیفیت طاری کردیتی ہے جسے قریب سے دیکھنے کا موقع بھی ملا۔انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار سے فیوض وبرکات سے جھولیاں بھر کر واپس لوٹا ہوں اور سندھی بھائیوں نے جو محبت دی ہے اسے کبھی نہیں بھلا سکتا۔مسٹر غلام شبیر نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مرید خاص بودلہ بہار کے مزار بھی حاضری دی۔

متعلقہ عنوان :

احمد پور سیال میں شائع ہونے والی مزید خبریں