مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی پاکستان سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی سطح پرحمایت جاری رکھے گا‘محمد اقبال بزدار

بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت اور آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا ‘ڈپٹی کمشنر کا تقریب سے خطاب

اتوار 5 فروری 2017 17:20

ڈونگہ بونگہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی پاکستان سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی سطح پرحمایت جاری رکھے گا ،غاصب بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت اور آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جاسکتا ،عالمی ضمیر کو مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اقبال بزدار نے بلدیہ ہال بہاول نگر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وائس چیرمین بلدیہ عبدالمجید قریشی، اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر عبدالجبار گجر،ڈی ایس پی علی رضا،سی ای او ایجوکیشن ،تمام محکموں کے نمائندوں ،ایپکا کے عہدیداروں اور مختلف مکتبہ فکر کے افراداور طلباء وطالبات اور خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اقبال بزدار نے مزید کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق ملنا چاہیے اور اس حق کے حصول تک کشمیریوں کی پرامن جہدوجہد جاری رہے گی اور بھارت کو کشمیریوں کا حق خود ارادیت دینا ہی پڑے گا۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے یوم یک جہتی کشمیر کی اہمیت اور کشمیری عوام کی جہدوجہد آزادی پر روشنی ڈالی۔

بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اقبال بزدار نے بلدیہ کے دفتر سے ستلج پارک چوک تک کشمیری عوام کی حمایت میں ریلی کی قیادت کی۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر جہدوجہد آزادی کشمیر کے نعرے درج تھے۔ریلی کے اختتام پر چیرمئین ضلع کونسل سید قلند ر حسین شاہ نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کیا۔

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں