ڈونگہ بونگہ،کتھا میں نشہ آور مواد ملا کر شہریوں کو نشے کا عادی بنایا جانے لگا

جمعہ 6 اگست 2021 16:32

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2021ء) کتھا میں نشہ آور مواد ملا کر شہریوں کو نشے کا عادی بنایا جانے لگا،پنجاب فوڈ اتھارٹی ،محکمہ پولیس، ایف آئی اے،اینٹی نارکوٹکس،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ دانستہ چشم پوشی کے باعث نان کسٹم پیڈ امپورٹڈ سگریٹ‘ مضر صحت گٹکے،تمباکو اور پان کو لگایا جانے والے کتھے میں نشہ آور مواد ملا کر شہریوں کو نشے کا عادی بنایا جانے لگا۔

اس حوالے سے متعدد اضلاع میں انتظامی اداروں کی جانب سے مئوثر کارروائی نہ ہونے کے باعث منشیات کی سرعام خریدوفروخت کا سلسلہ جاری ہے جسے متعلقہ ادارے روک نہیں سکے۔اس ناکامی کی وجہ ان اداروں کی بے بسی ہے یا پھر وہ ادارے اس میں خود شریک ہیں ایک سوالیہ نشان ہے،کچھ عرصہ قبل تک پولیس کی طرف سے امپورٹڈ سگریٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جاتا رہا تھا لیکن گزرتے وقت کیساتھ ساتھ وہ سلسلہ بھی تھم گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ میگا سٹورز‘ پوش ایریاز کے دوکانات‘پان فروش امپورٹڈ سگریٹ دھڑلے سے فروخت کر رہے ہیں اس حوالے سے کوئی بھی متعلقہ محکمہ ان کیخلاف کوئی بھی مئوثر کارروائی نہیں کر رہا جبکہ دوسری جانب پان شاپس میں فروخت کے دوران پان پر لگائے جانے والے کتھے میں چرس،افیون اور لیکوڈ کیمیکل ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے جن سے شہری نشہ کے عادی ہو جاتے ہیں،وہ انہی مخصوص دوکانوں سے پان کھاتے ہیں جن سے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے رہتے ہیں اور شہری آہستہ آہستہ نشہ کا عادی ہو جاتے ہیں۔

اس بابت مئوثر کارروائی نہ ہونے کے باعث نابالغ بچے اور بچیاں بھی اس نشہ کی لت میں ڈوب رہے ہیں جو پاکستان کے مستقبل کے لیے شدید خطرہ ہے۔اس حوالے سے اگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے پان فروشوں کے استعمال کئے جانے والے کتھے کے سیمپلز لیئے جائیں تو یقینا حقائق کھل کر سامنے آجائیں گے اور منشیات کا یہ مکروہ دھندہ جو کہ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اس کا بھی خاتمہ ممکن ہوگا۔

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں