بہاولنگر میں تبلیغی جماعت کا تین روزہ اجتماع کل سے شروع ہوگا

دو لاکھ افراد کیلئے انتظامات مکمل، رائے ونڈ کی مرکزی قیادت کے بیانات ہونگے

جمعرات 29 نومبر 2018 20:58

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) بہاولنگر میں تبلیغی جماعت کا تین روزہ اجتماع کل (جمعہ ) 30نومبر سے شروع ہوگا۔ دو لاکھ افراد کے لئے انتظامات مکمل، رائے ونڈ کی مرکزی قیادت کے بیانات ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں مرکز رائے ونڈ کے مشورے سے 1987ے کے بعد تین روزہ تبلیغی اجتماع بہاولنگر میں ہارون آباد روڈ پر منعقد ہورہا ہے۔

جس میں حلقہ 14صادق آباد سے ہیڈ سلیمانکی تک کے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ اجتماع کا آغاز باجماعت ادائیگی جمعہ سے ہوگا۔اجتماع میں مولانا عبید اللہ خورشید، مولانا محمد احمد بہاولپوری، مولانا طارق جمیل سمیت دیگر رائے ونڈ کے جید اکابر بزرگ خطاب کریں گے۔2 دسمبر اتوار کو علی الصبح دعا ہوگی۔ مقامی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں، اور مقامی تبلیغی انتظامیہ سے مکمل رابطے اور تعاون میں ہیں ۔

(جاری ہے)

تبلیغی جماعت کے رضاکاروں نے استقبالیہ، سکیورٹی ،پارکنگ، وضو خانے، بیت الخلا اور 3 بڑی کنٹینوں کی تیاری کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اجتماع علاقہ کے لئے بہت بڑی سعادت ہے دور دراز سے آنے والے شرکا اہلیان بہاولنگر کے مہمان ہیں۔اجتماع رشدوہدایت کا باعث اور امن وراوادی کے فروغ کے لئے معاون ثابت ہوگا۔

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں