آٹزم بارے عوامی شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے اقدامات یقینی بنائے جائیں،ماہرین آٹزم ریسورس سنٹرکی اپیل

منگل 30 اپریل 2024 13:12

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) دنیا بھر میں آٹزم کا شکار بچوں کی بحالی کیلئے بہت سے ادارے کام کر رہے ہیں مگر بد قسمتی سے ہمارے ہاں اس بڑھتے ہوئے مرض کی جانب کوئی خاص توجہ نہیں دی جا رہی لہٰذا حکومت سے اپیل ہے کہ وہ آٹزم کے بارے میں عوامی شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے فوری اقدامات یقینی بنائے۔آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر ز ریسورس سنٹرفیصل ۱ٓباد کے ماہرین آٹزم نے اے پی پی کو بتایا کہ آٹزم سنٹر فیصل آباد اپنے قیام سے لیکر اب تک لاتعداد آٹزم کے شکار بچوں کیلئے اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے اور اب تک آٹزم کے شکار لاتعداد بچے اور ان کے والدین اس ادارے کی خدمات سے مستفید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈرز ریسورس سنٹرکا مقصد وسیع پیمانے پر تربیت یافتہ اساتذہ اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے لوگوں کو آٹزم کیلئے تیار اور لرننگ ڈس ایبیلیٹیز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ان کے ادارے کا بنیادی مقصد پورے ملک میں آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈرز کے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور والدین اور اساتذہ کو آٹزم کیلئے تیار کرنا ہے۔

انہوں نے آٹزم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ دنیا میں آٹزم کے شکارلوگوں کی بحالی کیلئے بہت سے ادارے کام کر رہے ہیں لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں آگہی کی کمی کی وجہ سے آٹزم پر کوئی کام نہیں ہو رہا اور والدین کی بہت بڑی تعداداپنے بچوں میں آٹزم کی علامات سے متعلق لاعلم ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موجود ہسپتالوں، کالجوں، سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں موجودہ سہولتوں میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹزم ایک ذہنی اختلال ہے جبکہ آٹزم کے شکار لوگ ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت دیگر موذی امراض کی طرح آٹزم کے خاتمہ کیلئے بھی اپنے تمام وسائل بروئے کار لا ئے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں