گوجرانوالا میں پی ڈی ایم جلسے کے منتظمین کیخلاف ایک اور مقدمہ درج، رانا ثناء اللہ بھی نامزد

منگل 20 اکتوبر 2020 23:17

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) گوجرانوالا کے جناح اسٹیڈیم میں 16 اکتوبر کو ہونے والے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے منتظمین کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے میں خرم دستگیر، عمران خالد اور سلمان خالد بٹ کے علاوہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں اقدام قتل اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور مقدمہ نامعلوم شخص کے خلاف جلسے میں اسلحہ کی نمائش کرنے پر درج کیا گیا ہے۔پی ڈیم ایم جلسہ منتظمین کے خلاف درج دوسرا مقدمہ سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے میں ہی پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ درج مقدمے میں چار نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پولیس ملازمین پر جان سے مار دینے کی نیت سے گاڑی چڑھانے کی بھی کوشش کی۔

تیسرا مقدمہ جلسے میں اسلحہ کی نمائش کرنے پر تھانہ سول لائن میں نامعلوم شخص کے خلاف درج کیا گیا۔اس سے قبل گزشتہ روز پی ڈی ایم جلسے کے منتظمین کے خلاف گزشتہ روز درج ہونے والی ایف آئی آر میں خرم دستگیر،محمود بشیر ورک،سلمان خالد بٹ ملزم نامزد اور نامعلوم شرکاء کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق جلسہ منتظمین نے تحریری معاہدے، دئیے گئے وقت اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔

سڑکیں بلاک کی گئیں، مخصوص ایریا میں پارک کرنے کے بجائے اسٹیڈیم کا دروازہ توڑ کر گاڑیاں اندر لائی گئیں، روکنے پر پولیس آفیسرز پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق جلسے سے سزا یافتہ افراد نے خطاب کیا، حکومتی اداروں اور مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی گئیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں