یہ حکومت پورے 5 سال چلے گی کیونکہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے

حکومت کو بنے ایک ماہ نہیں ہوا، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے 6ماہ دینے چاہئیں، مزید قرض لے کر لوگوں کو ریلیف دینا ہے تو یہ مسائل کا حل نہیں، مرکزی رہنماء پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 30 مارچ 2024 23:54

یہ حکومت پورے 5 سال چلے گی کیونکہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے
گوجرانوالہ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مزید قرض لے کر لوگوں کو ریلیف دینا ہے تو یہ مسائل کا حل نہیں،حکومت کو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے 6ماہ دینے چاہئیں۔انہوں نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت پورے 5سال چلے گی کیونکہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے، لوگ ہمیں اتحادی حکومت ہونے کی وجہ سے کمزور سمجھ رہے ہیں، 2008میں جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو ہمیں بھی یہی کہا جاتا تھا، الیکشن پر کسی کو اعتراضات ہیں تو فورم موجود ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مزید قرض لے کر لوگوں کو ریلیف دینا ہے تو یہ مسائل کا حل نہیں ہے، مہنگی بجلی پر حکومت سبسڈی دینا چاہتی ہے تو حکومت کے پاس پیسے ہونے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی حکومت نہیں بنا سکتی، حکومت کو بنے ایک ماہ نہیں ہوا، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے 6ماہ دینے چاہئیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم وتوانائی مصدق ملک نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چھ ججز نے جو خط لکھا وہ سرکار کو نہیں سپریم کورٹ کو لکھا گیا تھا، سپریم کورٹ نے فل کورٹ بلوائی، اور جو فیصلہ ہوا وہ بھی حکومت کا نہیں تھا بلکہ سپریم کورٹ کا تھا کہ ایک کمیشن بنایا جائے اور حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ فوری طور کمیشن کی تشکیل کرے۔

سوال ہے کہ کیا سپریم کورٹ کو 184کے تحت خود کاروائی کرنی چاہیئے تھی یا حکومت کو کمیشن بنانے کا کہنا چاہیے تھا؟وہ سپریم کورٹ سے پوچھنا ہوگا، تمام ججز نے رہنمائی فرمائی کہ کمیشن مقرر کیا جائے ،جس پر وفاقی کابینہ نے ایک کمیشن بنانے کی منظوری دی اور کمیشن قائم کردیا گیا۔ ماسوائے پی ٹی آئی کے تصدق جیلانی پر آج تک کسی نے الزام لگاتے دیکھا ؟ثاقب نثار کے علاوہ وہ کسی کو نہیں مانتے، اگر ثاقب نثار کو مقرر کرنا ہے تو پھر سپریم کورٹ میں جانا ہوگا۔کمیشن کوہائیکورٹ اور کریمنل کورٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے ،اگر کوئی بات نہیں مانتا توتوہین عدالت لگے گی، کیا چھ ججز کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے؟ اس کا فیصلہ تصدق جیلانی کریں گے کہ ان ججز سے کیسے معلومات لینی ہیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں