آقا نامدار حضرت محمد ﷺ نے فرمایا تھا’’ہاتھ سے روزی کمانے والا اللہ کا دوست ہے‘ موسی سعید

آج مزدور کی زندگی پہلے سے تلخ اور اجیرن ہو گئی ہے ، حکومتیں بدلنے کے ساتھ اہل اقتدار اور تاجر طبقہ نے مزدور سے بنیادی حقوق بھی چھین لئے ہیں اور یوم مزدور ایک رسم بن کے رہ گئی ،رکن سنٹرل کمیٹی پیپلز پارٹی کا یوم مزدور پر گفتگو

جمعہ 1 مئی 2020 22:33

ہارون آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2020ء) عالمی یوم مزدور کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی سنٹرل کمیٹی کے رکن موسیٰ سعید نے کہا کہ آقا نامدار حضرت محمد ﷺ نے فرمایا تھا’’ہاتھ سے روزی کمانے والا اللہ کا دوست ہے‘‘ لیکن آج مزدور کی زندگی پہلے سے تلخ اور اجیرن ہو گئی ہے ، حکومتیں بدلنے کے ساتھ اہل اقتدار اور تاجر طبقہ نے مزدور سے بنیادی حقوق بھی چھین لئے ہیں اور یوم مزدور ایک رسم بن کے رہ گئی ہے ، انقلابی سوچ کے سرخیل سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں سٹوڈنٹس یونین اور مزدوروں کی ٹریڈ یونین کے ذریعے پہلی مرتبہ عوامی حقوق کو اُجاگر کر کے شعور بیدار کیا جاتا تھا لیکن بدقسمتی سے ہمارے اربابِ اختیار نے آنے والے دور کو ایسی نہج پر پہنچا دیا ہے کہ خودکشیوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

لیکن حبیب جالب جیسے اہل قلم دنیا سے رُخصت ہو گئے اور ان کی تعلیمات پر بھی غیر اعلانیہ قدغن لگا دی گئی ہیں اور ہمیں درسی کتابوں کے ذریعے وہ علم پڑھایا جارہا ہے جو اہل اقتدار کی تمنا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر علامہ اقبال رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک صدی قبل اقبال ؒنے اس دور میں تلخی اوقات بندہ مزدور اور دہقاں کی حالت زار اور کسمپرسی پر روشنی ڈالی تھی۔

لیکن فلاحی ریاست کا تصور دینے والوں نے عالمی ایجنڈا کے تحت حاصل شدہ حقوق اور سہولیات بھی چھین لیں اور آج لاک ڈائون کی بندشوں میں پورے ملک میں لاکھوں محنت کشوں اور کسانوں کے چولہے نہ صرف بجھ چکے ہیں بلکہ گھریلو ضروریات زندگی کا سامان بھی فروخت کیا جارہا ہے لیکن دوسری جانب حکومت کی طرف سے غریب عوام کے لئے خوشخبری کے ڈھول بجائے جارہے ہیں ۔

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں