نواز شریف اور آصف زرداری کے احتساب سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ،ْ فرخ حبیب

بدھ 12 دسمبر 2018 15:59

نواز شریف اور آصف زرداری کے احتساب سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ،ْ فرخ حبیب
اسلا آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے احتساب سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں‘ پارلیمنٹ میں عوامی ایشوز پر بات کریں اور مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کریں۔ سسٹم پر حملہ نہ کریں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے پیچھے رانا ثناء اللہ کا ہاتھ ہے۔

شیر علی نے بھی ان پر قتل کے الزامات لگائے تھے۔ اختیار کے بغیر ان کا گزارہ نہیں ہوتا۔ کیونکہ حکومت میں رہ کر یہ جی بھر کر کرپشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قومی حکومت نہیں بن رہی۔ عوام نے موجودہ حکومت کو ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹ دے کر پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اپنے وعدے پورے کرے گی۔ احتساب اور گڈ گورننس ساتھ ساتھ آگے بڑھیں گے۔

نواز شریف اور آصف زرداری کے احتساب سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔ اب تو بلاول بھٹو زرداری کو بھی نیب نے طلب کرلیا ہے۔ یہ دونوں جماعتیں کرپشن کی سمجھوتہ ایکسپریس ہیں۔ پارلیمنٹ میں عوامی ایشوز پر بات کریں اور مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کریں۔ سسٹم پر حملہ نہ کریں۔ سابق فاٹا میں نیب کے دائرہ اختیار کا قانون کے مطابق جائزہ لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے۔ اس نے قانون سازی کرنی ہے۔ اپوزیشن کہتی ہے کہ چیئرمین نیب کے پاس کسی کو گرفتار کرنے کا صوابدیدی اختیار ہے۔ اسی نیب کے چیئرمین نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی کا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے مسلم لیگ (ن) سے کہا ہے کہ وہ شہباز شریف کے علاوہ کوئی اور نام دے دیں۔

ان کے نام پر اصرار سے شبہات بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے ریلوے کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ پاکستان ریلوے نے 16 مسافر ٹرینیوں کے علاوہ مال بردار ٹرینیں بھی چلائی ہیں۔ ہم نے آئندہ کے لئے بھی اپنا ہدف مقرر کردیا ہے۔ ریلوے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے بھرپور کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ قیصر امین بٹ نے پیراگون سوسائٹی میں خواجہ سعد رفیق کے لئے کیا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پی ٹی آئی اور نیب کے درمیان گٹھ جوڑ کی بات کرکے تنقید کرتی ہے۔ ہمارے خلاف بھی کارروائی ہو رہی ہے لیکن ہم تو نہیں چھپتے۔ نواز شریف شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔

اب تو مریم اورنگزیب کے خلاف بھی کیس سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ معصوم ہیں تو نیب انکوائری کا سامنا کریں ان کے سوالات کا جواب دیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پانچ پانچ سال حکومت میں رہی ہیں۔ اگر انہیں نیب سے متعلق کوئی تحفظات تھے تو اس حوالے سے قانون سازی کرتیں۔ نواز شریف کو رسیدیں نہیں مل رہیں جس کے باعث وہ ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں۔ ان کا ہاتھ کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہیں سچ بولنا چاہیے۔ انہوں نے اداروں پر تنقید کو وطیرہ بنا لیا ہے۔ نیب خودمختار ادارہ ہے۔ حکومت کے ساتھ اس کا کوئی گٹھ جوڑنہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں