سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سعودی ولی عہد کو کیا تحائف دیں گے ؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 11:20

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج اسلام آباد میں مصروف ترین دن گزاریں گے ۔ اب سے کچھ دیر بعد چئیرمین سینیٹ صاد سنجرانی اور پارلیمانی وفد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرے گا۔ پارلیمانی وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان اور چیف ویپ عامر ڈوگر شامل ہوں گے۔

جبکہ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق، مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر مشاہد اللہ خان، قائد ایوان شبلی فراز اور اعظم سواتی بھی پارلیمانی وفد میں شامل ہوں گے۔ سینٹ میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان اور فاٹا سے پارلیمانی لیڈر اورنگزیب اورکزئی بھی پارلیمانی وفد میں شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ولی عہد سے ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں دوپہر 12 بجے ہو گی۔

اس ملاقات میں چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سعودی ولی عہد کو تحائف پیش کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ سعودی ولی عہد کو ان کا پوٹریٹ پیش کریں گے۔ معروف مصور وقاص شائق نے پینسل سے ولی عہد کی تصویربنائی ۔اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سوناچڑھی بندوق ولی عہد محمد بن سلمان کوتحفے میں پیش کریں گے۔ یہ گولڈ پلیٹڈ گن پاکستان آرڈنینس فیکٹری سے تیار کروائی گئی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات راولپنڈی میں ہو گی۔ جس میں دو طرفہ تعلقات اور عسکری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ایوان صدر میں ہو گی۔

ایوان صدر میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا اور شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب میں اعلیٰ سول اور عسکری حکام شرکت کریں گے۔ جس کے بعد شہزادہ محمد بن سلمان آج سہ پہر3 بجے دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوں گے، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ اراکین معزز شاہی مہمان کو نورخان ایئربیس سے رخصت کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے اس تاریخی دورے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 20 ارب ڈالرز کے معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ جبکہ سعودی ولی عہد نے مستقبل میں بھی پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے کی نوید سنائی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا یہ دورہ پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں