صدرمملکت آصف علی زرداری سے ایران اور فلسطین کے سفراء کی الگ الگ ملاقات

جمعہ 29 مارچ 2024 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران اور فلسطین کے سفراء کی الگ الگ ملاقات ،صدر مملکت کا دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کااظہار،درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنے پر زور ، سفراء نے صدر مملکت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی ۔ ایرانی سفیر کے ساتھ ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مفاد میں بارٹر تجارتی اور اقتصادی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران -پاکستان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم، بینکنگ تعاون اور فضائی اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت ہے پاکستان چابہار-زاہدان ریل روڈ سے وسطی ایشیا، یورپ اور ترکی کے ساتھ تجارت کیلئے مستفید ہوسکتا ہے امید ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاک ایران تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔

(جاری ہے)

ایرانی سفیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے صدر ِپاکستان کیلئے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔ دریں اثناء پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے بھی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی سفیر نے غزہ کی پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم اور دہشت گردی پر روشنی ڈالی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا ، ہر فورم پر آواز بلند کرے گا فلسطینی عوام بہادر ہیں ، اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کر رہے ہیں عالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے کوششیں کرے پاکستان فلسطینی عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت مزید امدادی سامان بھیجے گا۔

اس موقع پر فلسطینی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی مدد کو سراہا اور کہا کہ 50,000 سے زائد فلسطینی پاکستان کے تعلیمی اداروں سے مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکے ہیں ۔فلسطینی سفیر نے صدر محمود عباس کا سلام پہنچایا، فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت اور یکجہتی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں