وقت آگیا ہےکہ معاشی تباہی کے بیج بونے کی بجائے قانون کی حکمرانی قائم کی جائے

معاشی ترقی براہِ راست سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے، مزدور کی فلاح و بہبود کیلئے معیشت کی پائیدار ترقی ضروری ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 1 مئی 2024 18:39

وقت آگیا ہےکہ معاشی تباہی کے بیج بونے کی بجائے قانون کی حکمرانی قائم کی جائے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہےکہ معاشی تباہی کے بیج بونے کی بجائے قانون کی حکمرانی قائم کی جائے، معاشی ترقی براہِ راست سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے، مزدور کی فلاح و بہبود کیلئے معیشت کی پائیدار ترقی ضروری ہے۔ انہوں نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اپنے قابل، محنتی اور جفاکش مزدور طبقے کو خراجِ تحسین پیش کرتے اور انکی فلاح و ترقی کو اپنے سیاسی ایجنڈے میں سرِفہرست رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ہمارا مزدور ہمارے قومی وجود کا اہم حصّہ اور ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اوسطاً 6% کی شرح سے سالانہ ترقی کرتی معیشت کے ثمرات براہِ راست دیہی اور شہری معیشت کا حصّہ بننے والے محنت کش طبقے کو میسر تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں دستور و قانون  سے انحراف کے سلسلے سے پیدا ہونے والی کثیرالجہت تباہی خصوصاً معیشت کو درپیش مشکلات نے ہمارے مزدور اور محنت کش طبقےکو بطورِ خاص متاثر کیا ہے۔

مزدور کی فلاح و بہبود کیلئے ملکی معیشت کا پائیدار انداز میں ترقی کرنا اہم ہے جبکہ معاشی ترقی براہِ راست سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے جسکا قانون کی حکمرانی کے بغیر تصور تک ممکن نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ان کروڑوں محنت کشوں کی مشکلات اور ان کے بنیادی حقوق کا احساس کیا جائے اور ملکی معیشت کی تباہی کے بیج بونے کی بجائے قانون کی حکمرانی کے ذریعے ملک میں سیاسی استحکام اور معیشت کی افزائش کا سامان کیا جائے۔

مزید برآں ایک انٹرویو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایم کیو ایم، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے علاوہ سب سے بات چیت کریں گے۔ نا کسی سے مذاکرات ہو رہے ہیں اور نا ہی کسی کے ساتھ کوئی بیک ڈور رابطے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں