ممکنہ موسمی حالات کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی

بدھ 17 اپریل 2024 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان میں دو ہفتوں کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کے دو مختلف سلسلے متوقع ہیں، ممکنہ موسمی حالات کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پہلے سلسلے کے متوقع اثرات کے باعث بلوچستان میں 17 تا 19اپریل جبکہ سندھ میں 18 تا 19 اپریل شدید بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

پنجاب میں 18تا19اپریل، خیبرپختونخوا میں 17تا21اپریل جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18 تا 22 اپریل کے دورا ن بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 25تا 29 اپریل کے دوران دوسرے موسمی سلسلے کے باعث ملک بھر میں بارش، تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کے سلسلے کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس سسٹم کے باعث بلوچستان،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر 25 تا 29 اپریل کے دوران شدید بارش اور تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔

ممکنہ بارشوں کے باعث خضدار، زیارت،زوب،شیرانی، مسلم باغ، کوئٹہ، پشین، کیچ،پنجگور، گوادراور تربت کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کاشتکار فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں۔

سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں۔ لوگ برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں بجلی کے کھمبوں، کمزور عمارتوں سے قریب سے گزرتے وقت احتیاط برتیں۔ علاوہ ازیں نشیبی علاقوں کے مکین سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں