حریت کانفرنس کے زیر اہتمام حریت پسند رہنما شہید ایس حمید وانی کے یوم شہادت پر دعائیہ مجلس

جمعرات 18 اپریل 2024 14:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے زیر اہتمام جمعرات کو اسلام آباد میں حریت پسند رہنما شہید ایس حمید وانی کے یوم شہادت پر ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ایس حمید وانی کے اہم کردار پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

اجلاس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ ایس حمید وانی کی 26 ویں یوم شہادت پر ان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیری حریت رہنمائوں نے شہید رہنما کی بلندی دجرات کیلئے دعا کی۔ انہیں 1998میں آج ہی کے دن بھارتی ایجنٹوں نے شہید کردیا تھا۔

(جاری ہے)

حریت قائدین نے جاری جدوجہد آزادی کشمیرمیں ایس حمید وانی کی بے مثال خدمات کو اجاگر کیا اور کہا کہ شہید رہنما ایک دیانتدارشخص تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔

حریت رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیرمیں جاری خونریزی اورظلم و تشدد پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے جموںو کشمیر میں تعینات بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کاقتل عام روز کا معمول بن گیا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کی آبادیاتی اور ثقافتی سا لمیت کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کریں۔اس موقع پر ایس حمید وانی اور دیگر شہدائے کشمیرکے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں