این اے 193 ضمنی الیکشن، بلے نے اکیلے ہی سب کو زیر کر لیا

تمام امیدواروں کے مجموعی ووٹ بھی اکیلے پی ٹی آئی امیدوار کے ووٹوں سے کم رہے، تحریک انصاف کے ووٹوں میں مزید اضافہ بھی ہو گیا

muhammad ali محمد علی پیر 27 فروری 2023 21:56

این اے 193 ضمنی الیکشن، بلے نے اکیلے ہی سب کو زیر کر لیا
جام پور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری 2022ء) این اے 193 ضمنی الیکشن، بلے نے اکیلے ہی سب کو زیر کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 جام پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حتمی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حتمی نتائج کے مطابق تمام امیدواروں کے مجموعی ووٹ بھی اکیلے پی ٹی آئی امیدوار کے ووٹوں سے کم رہے۔

ضمنی الیکشن کے دوران سردار محسن لغاری نے تمام مخالف جماعتوں کے امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے، یوں تحریک انصاف کے بلے نے تمام مخالفین کو خوب پھینٹا لگایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ضمنی الیکشن ہونے کے باوجود این اے 193 میں ووٹر ٹرن آوٹ بھی غیر معمولی رہا۔ این اے 193 کے حلقے میں ہونے والے ضمنی الیکشن کیلئے کل پولنگ سٹیشنوں کی تعداد 237 تھی۔

(جاری ہے)

حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 تھی جبکہ خواتین کے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 709 تھی، یوں مجموعی طور پر ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 204 تھی۔ ووٹر ٹرن آوٹ غیر معمولی رہا اور ایک لاکھ 73 ہزار 966 ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیا، یوں انتخابی ٹرن آؤٹ 47.15 فیصد رہا۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار محسن لغاری نے 90392 ووٹ حاصل کر کے تمام مخالفین کو شکست فاش سے دوچار کیا۔

جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عمار احمد خان لغاری نے 55218 ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پیپلز پارٹی کے اختر حسن خان گورچانی 20 ہزار 74 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمود احمد 3 ہزار 961 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار اللہ یار خان نے 256، آزاد امیدوار امان اللہ نے 467، آزاد امیدوار بہاول حسین نے 304 ، آزاد امیدوار خادم حسین نے 1670، آزاد امیدوار کلیم الدین ضیاء نے 80، آزاد امیدوار محمد راول خان نے 347 ، آزاد امیدوار محمد سلیم نے 1197 ووٹ حاصل کیے۔

بتایا گیا ہے کہ این اے 193 کے ضمنی الیکشن میں کل 11 امیدوار میدان میں تھے، جن میں سے تحریک انصاف کے سردار محسن لغاری نے اکیلے ہی 90392 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے باقی تمام مخالفین مجموعی طور پر 83574 ووٹ حاصل کر سکے۔

جام پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں