لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیابی کا چیلنج

سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کی بہن صنم بھٹوبلاول بھٹو کی جیت یقینی بنانے کیلئے آصفہ کولیکرلیاری پہنچ گئیں لیاری میں پانی کا مسئلہ ہے اور اس عوامی مسئلے کو پیپلز پارٹی حل کرے گی، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام لے کر گھر گھر جائیں جیت آپکی ہوگی، جیت بی بی کی ہوگی، آصفہ وصنم بھٹو

پیر 16 جولائی 2018 23:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) لیاری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامیابی کا چیلنج،سابق وزیراعظم بے نظیربھٹو کی بہن صنم بھٹوبلاول بھٹو کی جیت یقینی بنانے کے لیے آصفہ کولیکرلیاری پہنچ گئیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ لیاری میں پانی کا مسئلہ ہے اور اس عوامی مسئلے کو پیپلز پارٹی ہی حل کرے گی۔

انہوں نے خواتین کارکنان پر زور دیا کہ وہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا پیغام لے کر گھر گھر جائیں جیت آپکی ہوگی۔ جیت بی بی کی ہوگی۔پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیربھٹو کی بہن اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی خالہ صنم بھٹو مخالفین کے پروپیگنڈے کا جواب دینے کے لئے لیاری پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو کی انتخابی مہم میں جان ڈالنے کے لیے لندن سے کراچی پہنچنے والی صنم بھٹو نے آصفہ بھٹو کے ہمراہ لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورخواتین کے ایک اجتماع میں شرکت کی ۔

انہوں نے لیاری میں بلاول بھٹو زرداری کے مرکزی الیکشن آفس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر خواتین کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے لیاری سمیت کراچی میں آٹھ مقامات پر چیسٹ پین یونٹ قائم کئے اور شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر قائم کیا محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں باالکل مفت علاج ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں لیاری میں پانی کے مسئلے کا معلوم ہے اور بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے سمندر کے پانی کو میٹھا بھی کرنا پڑا تو کیا جائے گا اورپیپلزپارٹی ہی لیاری میں پانی کا مسئلہ حل کرے گی۔اس سے قبل صنم بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری کی آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کی خواتین کارکنان نے دونوں رہنماں کا بھرپور استقبال کیا اور بلاول بھٹو کے حق میں نعرے لگائے آصفہ بھٹو لیاری کے مختلف علاقوں میں گئیں اور پیپلز پارٹی کی الیکشن مہم کا جائزہ لیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں