وزیر اعظم عمران خان اپنے گھوڑے کو قابو کریں گھوڑا بگڑ گیا ہے،فاروق ستار

ایم کیو ایم ضمنی نشستوں پر بھی ہار گئی،عامر خان اورکنور نوید میری بات مانتے تو ایسا نہیں ہوتا،میڈیا سے گفتگو

منگل 23 اکتوبر 2018 16:18

وزیر اعظم عمران خان اپنے گھوڑے کو قابو کریں گھوڑا بگڑ گیا ہے،فاروق ستار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) ایم کیوایم رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے گھوڑے کو قابو کریں گھوڑا بگڑ گیا ہے۔ایم کیو ایم ضمنی نشستوں پر بھی ہار گئی،عامر خان اورکنور نوید میری بات مانتے تو ایسا نہیں ہوتا۔منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستارنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان گھوڑے کو قابو کریں گھوڑا بگڑ گیا ہے، انہوں نے کہا کہ گھوڑے نے اپنے ہی سوار کو اچھال دیا تو سوار پر گھوڑا سوار ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو سیاسی بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں، ان کی حد سے زیادہ خود اعتمادی کے سبب اقدامات گلے پڑ رہے ہیں۔حکومت نے گیس، تیل، بجلی کے نرخوں میں اضافہ کردیا ہے جبکہ غریب لوگوں کو ریلیف ملنا چاہیے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ معیشت کی بحالی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔میں وزیر اعظم عمران خان سے ملوں گا،انہیں سمجھانے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہا کہ ایم کیو ایم ضمنی نشستوں پر بھی ہار گئی،عامر خان اورکنور نوید میری بات مانتے تو ایسا نہیں ہوتا۔ اے پی سی کے احتجاج میں مجھے روکا گیا تھا جبکہ کنور نوید نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ احتجاج میں نہ جاکر غلطی کی ہے، ہم بھی احتجاج میں جاتے تو اپنی نشست جیت جاتے۔اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ کنور نوید نے تسلیم کیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہمیں ہرایا گیاہے،تاہم کہہ دینے سے کوئی رہنما نہیں بن جاتا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں