ٹریفک نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے، خرم شیر زمان

سندھ حکومت ٹریفک کے مسائل سے متعلق آگہی مہم چلائے،رہنما تحریک انصاف کا مطالبہ

ہفتہ 17 نومبر 2018 18:48

ٹریفک نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے، خرم شیر زمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ٹریفک نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ سندھ حکومت ٹریفک کے مسائل سے متعلق آگہی مہم چلائے۔’’انصاف ہائوس ‘‘ سے جاری کردہ خصوصی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس پہلے خود درست تربیت لے کر شہریوں کو بھی اس کے ثمرات پہنچائے۔

سیٹ بیلٹ کی پابندی ڈرائیور اور مسافر دونوں پر صرف شارع فیصل کی بجائے پورے شہر میں ہونی چاہئے۔ قانون ایسا ہو کہ ایمبولینس کو راستہ دینے کے لیے تمام ڈرائیور حضرات متحد ہوجائیں۔ اگر گاڑیاں لین مینجمنٹ سسٹم کے تحت چلیں گی تو ٹریفک جام کے مسائل کم ہوں گے۔ٹریفک سگنل ٹھیک کیے جائیں، اس سے سگنل کی خلاف ورزی کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

(جاری ہے)

کراچی کی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔پنجاب چورنگی روڈ کو کتنے عرصے کے بعد کھولا گیا لیکن ابھی تک نامکمل ہے۔زیبرا کراسنگ اورضروری لائن مارکنگ ہونی چاہئے۔ ترقی یافتہ ممالک کی مثال سامنے رکھتے ہوئے آہستہ اور تیز چلنے والے الگ الگ لین کے پابند ہوں۔ جب تک کوئی مجبوری نہ ہو، ہارن کے استعمال کو سخت جرم سمجھا جائے۔ مختلف مقامات کے حوالے سے مختلف حد رفتار کی پالیسی اپنائی جائے۔

کمسن بچوں کو گاڑی چلانے پر پکڑاجائے اور والدین کو جرمانہ ہو۔ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے کی روک تھام ہو۔ نوپارکنگ ، بس زون، لوڈنگ ان لوڈنگ زون کی پابندی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹریفک اصلاحات کا مسودہ سندھ اسمبلی میں بھی لے کر جائیں گے۔ کراچی ایک بین الاقوامی شہر ہے ۔ کراچی کے ٹریفک نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ اگر ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا تو ساری دنیا میں اس کی تعریف کی جائے گی۔ اس سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں