سندھ میں آوارہ کتوں کی نس بندی کے لئے 50 کروڑ روپے رکھے جاتے ہیں لیکن ویکسین اسپتالوں تک نہیں پہنچائی جاتی، بلاول زرداری پی ٹی آئی کی حکومت جانے کے خواب دیکھنے سے پہلے سندھ حکومت کی خراب کارکردگی اور لوٹ مار کو دیکھیں

تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس

اتوار 17 نومبر 2019 22:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں آوارہ کتوں کی نس بندی کے لئے 50 کروڑ روپے رکھے جاتے ہیں لیکن ویکسین اسپتالوں تک نہیں پہنچائی جاتی، بلاول زرداری پی ٹی آئی کی حکومت جانے کے خواب دیکھنے سے پہلے سندھ حکومت خراب کارکردگی اور لوٹ مار کو دیکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو شیخ الحدیث مولانا ضیاء الدین، مولانا مومن عادل و دیگر کے ہمراہ انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کے آنے کے بعد ملک سے مبینہ کرپٹ حکمرانوں کا خاتمہ ہوچکا ہے، گرفتار ہونے کے بعد سارے کرپٹ حکمران بیمار پڑ جاتے ہیں اوروہیل چیئر پر آجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ میں ٹڈی دل کے حملوں سمیت ایڈز و قدرتی آفات ان کرپٹ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ہے، 30 سال ملک پر حکمرانی کرنے والوں نے ایک ایسا اسپتال نہیں بنوایا جہان انکا علاج ہوسکے۔

نوازشریف کو اگر حکومت بیرون ملک جانے کی اجازت دیتی تو ڈیل کا الزام لگایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے دھرنے کے لئے سیاسی پارٹیوں سے چندہ لینے سمیت ملک گیر چندہ جمع کیا تھا، مولانا کا دھرنا عوام کے حقوق کے لئے نہیں تھا مولانا سڑکیں بند کرکے اشتعال پھیلانا چاہتے ہیں۔ دین اسلام کسی کا راستہ بند کرنے کا درس نہیں دیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھر میں سینکڑوں لوگ آسمانی بجلی سے جاں بحق ہوگئے، جانور مر چکے ہیں ابھی تک کوئی رلیف نہیں دیا گیا، تھر میں غربت کے خاتمے کے لئے سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی کی حکومت نے تھر کے لوگوں کو 2 لاکھ 75 ہیلتھ کارڈ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت کے کام میں وفاق مداخلت نہیں کر سکتا جب بھی ویکسین کا آرڈر دیا جاتا ہے اس کو اتنی ویکسین دی جاتی ہے۔

تھر میں علاج وفاق کروا رہی ہے ویکسین وفاق دے رہی ہے سندھ حکومت صرف لوٹ مار کرنے کے لئے ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شیخ الحدیث مولانا ضیاء الدین نے کہا کہ عمران خان عالم اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں، تفرقہ بازی عالم اسلام اور مسلمانوں کے لئے نقصان دہ ہے امت مسلمہ آج جن مشکلات کا شکار ہے ان کے حق میں آواز اٹھانے والا کوئی نہیں تھا، اب وزیراعظم عمران خان امت مسلمہ کے لئے آواز اٹھا رہا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں