کراچی میں ریلیوں کے باعث پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ

بدھ 26 جنوری 2022 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2022ء) کراچی میں بدھ کی شام سیاسی جماعتوں کی ریلیوں اور سیاسی کارکنان کی پولیس سے جھڑپ کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک ٹیموں کے پریکٹس سیشن منسوخ کردیے گئے۔

(جاری ہے)

جمعرات سے شروع ہونے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے قبل بدھ کی رات چار ٹیموں کو پریکٹس کرنا تھی، معین خان اکیڈمی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا پریکٹس میچ شیڈولڈ تھا جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کو نیٹ پریکٹس کرنا تھی۔

سیاسی جماعتوں کی ریلیاں، کارکنان کی پولیس سے جھڑپیں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ٹریفک کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے پریکٹس شیڈول منسوخ کردیا گیا۔اس سے قبل صبح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں صبح کے سیشن میں پریکٹس کی۔ پریکٹس کے بعد ٹیموں کو ٹریفک جام سے بچانے کے لیے روٹین کے راستے کے بجائے متبادل راستے سے اسٹیڈیم سے ہوٹل واپسی کا سفر کرایا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں