حافظ نعیم الرحمن نے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کے تحفط کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

پیپلز پارٹی میئر کراچی کے الیکشن میں جماعت اسلامی کو شکست دینے کے لیے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،گرفتار منتخب نمائندؤں کو حلف لینے اور میئر کے الیکشن میں منتخب نمائندوں کو ووٹ ڈالنے دیا جائے۔درخواست میں موقف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 مئی 2023 12:28

حافظ نعیم الرحمن نے  پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کے تحفط کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء ) جماعت اسلامی کراچی نے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں کے تحفط کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔درخواست امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس نےپی ٹی آئی کے کئی منتخب رہنماؤں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا۔

پیپلز پارٹی میئر کراچی کے الیکشن میں جماعت اسلامی کو شکست دینے کے لیے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔گرفتار منتخب نمائندوں کو حلف لینے کی اجازت دی جائے۔مخصوص نشستوں کے انتخاب اور میئر کے الیکشن میں منتخب نمائندوں کو ووٹ ڈالنے دیا جائے۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخاب کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی نے میئر کراچی کے حوالے سے اہم اعلان کیا ،پی ٹی آئی کراچی نے کہا ہے کہ میئر کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کریں گے،پیپلز پارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی منتخب نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغوا کر رہی ہے،بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغوا کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی نے بتایا کہ اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کیا جا چکا ہے،جو پیپلز پارٹی 4 بار بلدیاتی انتخابات سے بھاگی وہ عجلت میں میئر کا انتخابات کروانا چاہتی ہے۔ میئر کا انتخابات شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے،پیپلز پارٹی نے چور دروازے سے میئر کے انتخابات کا راستہ بنایا،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتی کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں