کراچی ،رسول اکرم ؐ نے فرمایا کہ اگر رمضان المبارک کے مہینے میں ایک فرض اداکروگے توکم ازکم سترگنااجرملے گا، ڈاکٹر مولانا محمد اسعد تھانوی

جمعرات 25 اپریل 2019 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) سنی وحدت کونسل پاکستان کے صدر ومہتمم جامعہ اشرفیہ سکھر ڈاکٹر مولانا محمد اسعد تھانوی نے کہا کہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ شعبان کے آخری دن تھے اور رمضان شریف کی آمد آمد تھی تو حضور اکرم ؐ مسجد نبوی میں تشریف لائے اور خطبہ دیا اور فرمایا کہ عنقریب تمھارے اُوپر ایک مہینہ سایہ فگن ہونے والاہے جو عظمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے اور وہ ہے رمضان المبارک ۔

اس مہینے کو اس لئے برکت وعظمت فرمائی گئی کیونکہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کو نازل فرمایا ہے۔انبیاء تو تقریباً سوالاکھ دنیا میں آئے ہیں جن میں سے 313 کو الہامی کتب دی گئیں جن میں سے صرف قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ اللہ تعالیٰ نے خود لیا۔

(جاری ہے)

رسول اکرم ؐ نے فرمایا کہ اگر رمضان المبارک کے مہینے میں ایک فرض اداکروگے توکم ازکم سترگنااجرملے گا۔

اگر آپ انے ایک نمازفرض پڑھی تواس کا اجرکم ازکم سترگناملے گا،اگر آپ نے زکوة کا ایک سوروپے کا نوٹ رمضان المبارک میں کسی غریب کو دیا تواس کا کم ازکم اجرسترگناہے اور نفل کام اگر کریں گے تواس کا فرض کے برابر اجر ملے گا جبکہ باقی مہینوں میں ایسا نہیں ہے۔یہ فضیلت جو رسول اکرمؐ نے بیان فرمائی یہ اس وجہ سے کہ مہینہ رمضان المبارک کا ہے،نورانی مہینہ ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ قرآن وسنہ کے زیر اہتمام کلیہ معارف اسلامیہ میں منعقد سیمینار بعنوان: ’’استقبال رمضان المبارک‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر پرسن شعبہ قرآن وسنہ پروفیسر ڈاکٹر زینت ہارون ،مفتی عمران الحق کلیانوی،پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید،مفتی عمیر محمود صدیقی اور پروفیسر ڈاکٹر ایم عارف خان ساقی بھی موجودتھے۔

ڈاکٹر اسعد تھانوی نے مزید کہا کہ اس برکتوں والے مہینے میں جو کتاب نازل کی گئی ہے جس کا نام قرآن پاک ہے یہ پوری انسانیت کے لئے ہدایت ہے صرف مسلمانوں کے لئے ہدایت نہیں ہے۔حضرت محمدﷺ کے بارے میں قرآن پاک نے فرمایااے محبوب ہم نے تمہیں پوری انسانیت کے لئے رسول بناکر بھیجا ہے۔ برطانیہ کے وزیر اعظم نے ابھی ایک قانون عمرزلاء (عمرؓکے قانون ) کودوبارہ نافذالعمل کیاہے اور قانون کیا تھا کہ بادشا ہ سے لے کر مزدور تک جس کے بھی بچہ پیدا ہوگا آٹھ پائونڈ اس کو فی ہفتہ وظیفہ دیا جائے گا۔

قرآن پاک انسانوں کی ہدایت کے لئے ہے،آپ پوری دنیا کاجائزلیں ،ان کے قوانین اور ان کے رہن سہن کو دیکھیں تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ واقع تمام انسانوں کے لئے ہدایت ہے۔جامعہ کراچی کے شعبہ قرآن وسنہ کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر زینت ہارون نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس نے رسول اکرم ؐ کی اطاعت کی اس نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی یعنی وہ نبی جس سے محبت ہی ہمیں جنت میں لے جاتی ہے،وہ نبی جس سے محبت کرنے کے نتیجے میں ہم اللہ کے قریب پہنچ جاتے ہیںاور یہ اسی نبی کریم ؐ کی سنت ہے کہ جس پر ہم رمضان المبارک کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

رمضان المبارک میں ہم اللہ تعالیٰ سے شکوہ نہیں کرتے کہ ہم بھوکے ہیں یا پیاسے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکراداکرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں شکرگزاری کا موقع دیا۔تقریب میں نظامت کے فرائض مفتی ڈاکٹر محمود صدیقی نے انجام دیئے جبکہ کلمات تشکر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید نے اداکئے۔اس موقع پر اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد موجودتھی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں