پاکستان پیپلزپارٹی کا ملٹری ونگ سندھ پولیس ہے اور سندھ حکومت تمام دہشت گرد کارروائیوں میں معاون اورمدد گارہے،ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی

پاکستان کے تمام اداروں کو یہ بتاتے رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی پاکستان کو دولخت کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے،کنوینرایم کیوایم پاکستان کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 جنوری 2022 16:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ملٹری ونگ سندھ پولیس ہے اور سندھ حکومت تمام دہشت گرد کارروائیوں میں معاون اورمدد گارہے،پاکستان کے تمام اداروں کو یہ بتاتے رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی پاکستان کو دولخت کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

ہفتہ کو ایم کیوایم پاکستان کے مرکزبہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ٹنڈوالہ یار واقعے پروہاں احتجاج کرنے والی ہماری ماں اور بہنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اور جمعہ کوایم کیو ایم کے کارکن کو کھلے عام جدید اسلحے سے فائرنگ کرکے کورٹ کے باہر قتل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ سندھ کوان قوم پرستوں کی جانب سے حالت جنگ میں رکھا گیا،پاکستان کی ان بیٹوں کوآہ بکاہ کی بھی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ٹنڈوالہ یار میں پوری رات ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں کی جاتی رہیں،قتل بھی ہمیں کیا جارہا ہے اور گرفتار بھی ہم ہورہے ہیں۔ایم کیوایم رہنما نے کہا کہ جمعہ کو ٹنڈوالہ یار میں پیپلزپارٹی کے لوگوں نے جلائوگھیرائوکرکے ایف آئی آر بھی ایم کیو ایم پردرج کرائی،جن دہشت گردوں نے قتل کیا ان کے گھروں پر چھاپے بھی نہیں مارے گئے۔

انھوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی حب الوطنی پر بار بار سوالیہ نشان لگتا رہا ہے اور سندھ کے شہری علاقوں پر بار بار ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ٹنڈوالہ یار میں ہونے والا واقعہ پیپلزپارٹی کی جانب سے لسانی فسادات کی سازش ہے اوراس واقعے کے ذمہ دار ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سمیت تمام پولیس افسران کو برطرف کرکے ان کیخلاف مقدمہ قائم کیا جائے۔

ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہاکہ پچھلے 14 برس میں پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ اور کراچی کو تباہ برباد کردیا،پیپلزپارٹی کو لوٹ مار اور تباہی و بربادی کی اجازت دے دی گئی ہے۔ تمام جماعتوں کو کھل کر سیاست کرنے کی اجازت ہے مگرایم کیوایم کو آج بھی کھل کر سیاست نہیں کرنے دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ پولیس کے ساتھ مل کرلسانی فسادات کا منصوبہ بنا چکی ہے اورسندھ پولیس کے لوگ آپریشن کی آڑ میں مہاجروں کو بلاجواز تنگ کرتے ہیں تاہم اب مزید سندھ کے شہری علاقوں کولوٹنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں