رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران کی احتجاجی مظاہرے میں خواتین پر لاٹھی چارج کی مذمت

جمعرات 27 جنوری 2022 22:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2022ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران نے ایم کیو ایم کے احتجاجی مظاہرے میں خواتین پر لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کی علمبردار بننے والی سندھ حکومت کی جانب سے خواتین پر ڈنڈے برسا کر اپنا مکروہ چہرہ سب کے سامنے ظاہر کردیا ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں سدرہ عمران کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اقتدار کے نشے میں اندھی ہو چکی ہے۔

سندھ پولیس کا ایم کیو ایم کے احتجاج میں خواتین پر بیہمانہ تشدد انتہائی شرمناک ہے، واقعے میں متعدد خواتین زخمی ہوئی ہیں جن کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ اس طرح کی سفاکیت کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ وزیر اعلیٰ سمیت پوری کابینہ کو اس اقدام پر شرم آنی چاہئے۔

(جاری ہے)

زرداری کے چھوٹے منشی سعید غنی ٹی وی پر بیٹھ کر اس شرمناک اقدام کا بھی دفاع کرتے رہے ہیں۔

سندھ میں ایسی جمہوریت قائم ہے جس میں شہریوں کو پر امن احتجاج کی بھی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ بتائیں کہ کس کے احکامات پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی تھی۔ معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نوٹس لینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف کاروائی کرے گی ۔رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران نے مزید کہا کہ پولیس گردی کا شکار ہونے والے ایم کیو ایم کے جاں بحق کارکن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔سندھ حکومت کو معصوم شہری کی ہلاکت کی ذمہ دار ہے، وزیر اعلیٰ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہونا چاہئی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں