پولیس ہیڈکوارٹرمیں خواتین اہلکاروں اورانکے بچوں کی نگہداشت کے لیئے ڈے کیئر سینٹر کا قیام

پیر 29 اپریل 2024 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لمجار نے پولیس ہیڈکوارٹر سعود آباد ملیر میں خواتین پولیس اہلکاروں کے لیئے ڈے کیئر سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ،ایس ایس پیز ایسٹ، کورنگی و ملیر سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ایس پی جمشید کوارٹر علینہ راجپر نے ڈے کیئر سینٹر کے قیام اور اسکے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سینٹر میں خواتین پولیس اہلکاروں کے یکم تا آٹھ سال تک کے بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے انتظامات میسر آسکیں گے۔

وزیر داخلہ سندھ نے خواتین پولیس اہلکاروں کے بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے لیئے ڈے کیئر سینٹر کے قیام کو سندھ پولیس کی جانب سے انتہائی مستحسن اور لائق ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے پولیس سے وابستہ خواتین اپنے بچوں کو ڈے کیئر سینٹر میں چھوڑ کر ہر قسم کی فکر و پریشانی کو بالائے طاق رکھ کر انتہائی انہماک اور دل جمعی کیساتھ محکمانہ فرائض سرانجام دے سکیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ڈے کیئر سینٹر کی طرز پر کراچی کے دیگر پولیس ہیڈکوارٹرز میں بھی خواتین اہلکاروں کے بچوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے لیئے مراکز کے قیام کی تجویز دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈے کیئر سینٹر میں گھریلو ناچاقی/ جھگڑوں سے متاثرہ عام خواتین کے بچوں کی دیکھ بھال کے انتظامات کو بھی ممکن بنایا جائے۔تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی ایسٹ نے وزیر داخلہ سندھ کو سندھ پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں