کنڈیاری میں ہمارا راستہ روک کرحملہ کرنے کی کوشش کی گئی،شاہ محمود قریشی

ہم کہیں رکاوٹ نہیں بنے، چاہتے تو خیرپور میں عوام مارچ کے سامنے آسکتے تھے، علی زیدی یا مجھ پر حملہ کیا گیا تو آصف زرداری کیخلاف ایف آئی آر درج کراؤں گا۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 2 مارچ 2022 20:23

کنڈیاری میں ہمارا راستہ روک کرحملہ کرنے کی کوشش کی گئی،شاہ محمود قریشی
خیرپور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کنڈیاری میں ہمارا راستہ روک کرحملہ کرنے کی کوشش کی گئی، ہم کہیں رکاوٹ نہیں بنے، چاہتے تو خیرپور میں عوام مارچ کے سامنے آسکتے تھے، علی زیدی یا مجھ پر حملہ کیا گیا تو آصف زرداری کیخلاف ایف آئی آر درج کراؤں گا۔ ہم نیوز کے مطابق تحریک انصاف سندھ حقوق مارچ کا قافلہ سندھڑی پہنچ گیا ہے، تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کنڈیاری میں ہمارا راستہ روکا گیا، حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، ہم کہیں رکاوٹ نہیں بنے اور نہ بنیں گے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چاہتے تو خیرپور میں آپ کے سامنے آسکتے تھے۔

اگر مجھ پریا علی زیدی پر حملہ کیا گیا تو آصف زرداری کیخلاف ایف آئی آر درج کراوں گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ پنجاب میں داخل ہوگیا ہے، پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ کی سربراہی بلاول بھٹو کررہے ہیں۔ 30کلومیٹر سے طویل اور 25 ہزار گاڑیوں پر مشتمل ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی مارچ سندھ سے پنجاب کی حدود میں داخل ہوا ہے۔

پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ ٹھٹہ، بدین، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر اور گھوٹکی سے ہوتے ہوئے رحیم یار خان پہنچا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو رحیم یارخان میں جلسے سے خطاب کرینگے، پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ 27 فروری کو کراچی مزار قائد سے روانہ ہوا تھا۔ مزید برآں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گھوٹکی میں عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹکی کے عوام نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، عوامی مارچ کا تاریخی استقبال کرنے پر گھوٹکی کے عوام کا مشکور ہوں، الیکشن میں گھوٹکی کے عوام نے عمران خان کو شکست دی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ شہید بےنظیر بھٹو وقت کے آمر ضیاء الحق کےخلاف اٹھ کھڑی ہوئیں، اس وقت ملک میں جہاں دیکھیں مایوسی ہے، کٹھ پتلی عوام کی طرف نہیں ایمپائر کی طرف دیکھتا ہے، زرعی ملک کا کسان بھوکا سوئے تو اس ملک کی معیشت کا کیا حال ہوگا، حکومت پر تنقید کرنا میڈیا کا کام ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے معاشی حقوق پر ڈاکہ مارا ہے، کبھی تاریخ میں ایسا وزیراعظم دیکھا کہ ٹی وی پر آکر روئے، یہ کون ہوتے ہیں جو میڈیا کو کہیں مجھ پر تنقید نہ کریں، حکومت نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، جیالوں کا لشکر اسلام آباد پہنچے گا، ہم پرامن اور جمہوری لوگ ہیں، عدم اعتماد ہمارا جمہورہتھیار ہے، ہم استعمال کریں گے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد  کرینگے، پنجاب میں داخل ہونے کے بعد دمادم مست قلندر ہوگا۔


خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں