حکومت کو اقتدار تو مل گیا ، اختیار نہیں ملا،پیپلزپارٹی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی، یوسف رضا گیلانی

حکومت نے سیاست،معیشت سمیت ہر چیز کا ستیاناس کردیا ہے،احمد محمود کا پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 13 نومبر 2020 23:01

حکومت کو اقتدار تو مل گیا ، اختیار نہیں ملا،پیپلزپارٹی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی، یوسف رضا گیلانی
کوٹ ادو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2020ء) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کو اقتدار تو مل گیا لیکن اختیار نہیں ملا،پیپلزپارٹی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آنا چاہتی۔پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا مقصد غریب،مزدوروں اور صحافیوں کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے،پیپلزپارٹی کی حکومت نے چینی،گندم اور کپاس کی قیمت اتنی مقرر کردی کہ کسان خوشحال ہو جائے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا ہے مگر جنوبی پنجاب کے لوگوں سے 3 ماہ میں صوبہ بناکر دینے کا اعلان کیا گیا تھا،یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ سیکرٹریٹ کا دفتر بناکر جنوبی پنجاب کے لوگوں کو آپس میں لڑوادیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو پی ڈی ایم کا ملتان میں جلسہ تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا،ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیاست،معیشت سمیت ہر چیز کا ستیاناس کردیا ہے،مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے انتقام میں پاکستانی عوام کا دل دکھایا ہے،انہی کی وجہ سے اپوزیشن پی ڈی ایم کی صورت میں اکٹھی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں،ان کا کہنا تھا کہ یہ چینی اور گندم چور حکمران ہیں،جنھیں کسان،غریب اور مریضوں کا کوئی خیال نہیں.ورکرز کنونشن سے پیپلز پارٹی کی جنوبی پنجاب کی جنرل سیکرٹری نتاشہ دولتانہ،ممبران قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان،رضا ربانی کھر ودیگر پارٹی ممبران نے بھی خطاب کیا۔

کوٹ ادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں