عمران نیازی صاحب نے 100روز کیلئے مقرراہداف سے متعلق بتانے کی بجائے اگلے 100روز کا ایجنڈا دیدیا ‘ حمزہ شہباز

ایٹمی قوت کے حامل پاکستان اور 22کروڑ عوام کے ملک نے ایسے چلنا ہے تو پھر اللہ ہمارے حال پر رحم کرے ‘ قائد حزب اختلاف

اتوار 2 دسمبر 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی صاحب نے قوم کو اپنی حکومت کے 100روز کیلئے مقررہ کئے گئے اہداف سے متعلق آگاہ کرنے کی بجائے اگلے 100روز کا ایجنڈا دیدیا ہے ،ملک اور معاشرہ ایک سمت پر چلتا ہے لیکن حکومت ابھی تک اپنی سمت کا تعین ہی نہیں کر سکی ، عوام کو نیا پاکستان نظر آنا شروع ہو گیا ہے ، اگر ایٹمی قوت کے حامل پاکستان اور 22کروڑ عوام کے ملک نے ایسے چلنا ہے تو پھر اللہ ہمارے حال پر رحم کرے ۔

پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن ان کی حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے لیکن یہ ان کے اندر کا خوف بولتا ہے ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کو نیب کی تحویل میں 60روز ہو گئے ہیں لیکن ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔ ہم تو حکومت کو موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ اس کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آئے ،دھاندلی پر بھی کمیشن بن گیا ہے اس سے بھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا ہے ۔

قوم عمران خان کے کنٹینرپر چڑھ کئے گئے دعوئوں بارے پوچھ رہی ہے اور ان کی 100روز کی کارکردگی سے انتہائی مایوس ہے ۔ عمران خان کی حکومت نے ابھی تک بھینسوں کی نیلامی اور کٹے اور مرغیاں دئیے ہیں ،کیا نیا پاکستان ایسے بنے گا یہ میں نہیں بلکہ سپریم کورٹ کہہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کو وفاقی وزیر کے غریب خاندان پر ظلم و ستم پر جے آئی ٹی بنانی پڑی ہے جس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پولیس کے ساتھ مل کر ظلم کیا گیا اور بچیوں کو بے گناہ جیل میں رکھا گیا ۔

گزشتہ دور میں سندھ میں آئی جی تبدیل ہوا تو عمران نیازی نے بہت شور مچایا لیکن آج آئی جی چپڑا سی کی طرح تبدیل ہو رہے ہیں ، پٹواری کی سفارش نہ ماننے پر ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا جارہا ہے ،ا ن معاملات پر سپریم کورٹ نے نوٹس لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے کوئی بھی سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار نہیں ، حکومت کو چاہیے تھاکہ اپنے راستے کا تعین کرتی چاہے یہ مشکل راستہ ہی کیوں نہ ہوتا لیکن عمران نیازی نے 100روز مکمل ہونے پر تین ماہ پہلے والی تقریر دہرا دی ہے، 100روز کیلئے مقرر کردہ اہداف بارے آگاہ کرنے کی بجائے اگلے 100روز کا ایجنڈا دیدیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے روپے کی قدر کم ترین سطح پر جبکہ ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔ آج ایک ریڑھی بان، عام آدمی، ارب پتی، انڈسٹری چلانے والا بھی پریشان ہے کہ حکومت کی کوئی سمت نظر نہیں آرہی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں