پنجاب پولیس کے ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری

ْمختلف اضلاع کے ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 20 لاکھ روپے جاری کر دئیے گئے

اتوار 28 اپریل 2024 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 20 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے زخمی کانسٹیبل ساجد علی کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے 05 لاکھ روپے جاری کئے گئے، پی ایچ پی گوجرانوالہ کے غازی سب انسپکٹر راشد وسیم کو علاج معالجے کیلئے ساڑھے 03 لاکھ روپے دئیے گئے، راولپنڈی کے زخمی غازی کانسٹیبل وقاص رمضان کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے 03 لاکھ روپے دئیے گئے، بہاولنگر کے غازی اے ایس آئی محمد عباس کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری کئے گئے، لاہور کے غازی ہیڈ کانسٹیبل رشید احمد، خانیوال کے غازی اے ایس آئی ناصر محمود کو 02 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے، راولپنڈی کے زخمی کانسٹیبل محمد ہنزلہ، راجن پور کے غازی اے ایس آئی جنید اقبال کو طبی اخراجات کیلئے 01 لاکھ روپے فی کس جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مذکورہ بالا فنڈز کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے ویلفیئر آفس کو ہدایت کی کہ پولیس فورس کے صحت عامہ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں