کار کی ٹکر سے چھ افراد کی ہلاکت کا کیس ،سماعت چھ اپریل تک ملتوی، طلبی نوٹس جاری

جمعرات 28 مارچ 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے چھ افراد کی ہلاکت کے کیس کی سماعت چھ اپریل تک ملتوی کردی ،عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام نامزد ملزمان کو پیش ہونے کے دوبارہ طلبی نوٹس جاری کر دیئے،انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی ،جمعرات کے روز سماعت پر ملزم افنان کو جیل سے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ افنان کے وکیل حافظ اسرار الحق ایڈوکیٹ اور ملزم کے والد شفقت اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی ،پراسیکیوشن نے کم عمر ملزم افنان سمیت 5 ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے ، ملزم افنان کے والد اور دوستوں کو بھی چالان میں ملزمان نامزد کیا گیا ہے ، چالان میں افنان شفقت ، عبداللہ محمد سعد اور محمد ابرھیم کو گناہ گار قرار دیا گیا ہے ،چالان میں بتایا گیا ہے کہ ملزم افنان اور اس کے دوستوں نے مرنے والی خواتین سے چیھڑ چھاڑ بھی کی، ملزم شفقت اعوان نے اپنے کم عمر بیٹے کو ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کے باوجود گاڑی کی چابی دی، چالان کے مطابق ملزم افنان اور ساتھیوں نے ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے چھ افراد کو ہلاک کیا، عدالت میں ملزم افنان کے وکیل نے مقدمہ سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے ، عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دوبارہ طلب کرلیا ،یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں گاڑی کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کے جاں بحق ہوئے تھے ، واقعہ کے مقدمے میں پولیس نے بعدازاں مرنے والوں کے لواحقین کی درخواست پرملزم کے خلاف قتل اور انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کا اضافہ کر دیا تھا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں