کسٹم انٹیلی جنس اور فرنٹیئر کورنارتھ کے اہلکاروں کی ضلع خیبر کے دورآفتادہ علاقہ وادی تیراہ میں مشترکہ کارروائی،ملزم گرفتار اور منشیات برآمد

پیر 25 مارچ 2024 17:10

لنڈی کوتل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) کسٹم انٹیلی جنس اور فرنٹیئر کورنارتھ کے اہلکاروں کی ضلع خیبر کے دورآفتادہ علاقہ وادی تیراہ میں مشترکہ کارروائی کرکے115ملین روپے مالیت کی کوالٹی کی چرس برآمد کرلی اور ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (ایف بی آر) اسلام آباد فیض احمد کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی کہ ایک بین الصوبائی منشیات سمگلرز کسی بھی وقت افغانستان سے منشیات سمگل کرکے ضلع خیبر کے راستےپاکستان منتقل کریں گے، ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس پشاور شفقت علی خان کے وساطت سے فرنٹیئر کور نارتھ حکام کے ساتھ منشیات سمگلنگ کے حوالے سے خفیہ اطلاعات کا تبادلہ کیا گیا، کسٹم حکام نے ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور امانت خان کی قیادت میں کسٹم انٹیلی جنس کی سپیشل ٹیم تشکیل دےکر ضلع خیبر کے وادی تیراہ روانہ کردیا، خفیہ اطلاعات کے مطابق وادی تیراہ میں افغان سرحد کے قریب طورہ ویلہ کے راستے تین سمگلرز نےمزدوروں کا روپ دھار کر منشیات پاکستان منتقل کی اور بعد ازاں زیڑئی سر کے راستے پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

زیڑئی سر کے مقام پر ایف سی نارتھ اہلکاروں اور کسٹم انٹیلی جنس عملہ نے خصوصی ناکہ بندی کی اور افغانستان سے مزدوروں کی روپ دھار کر 115 کلوگرام چرس تھیلوں میں بند کرکے پیدل سمگل کرکے پاکستان داخل ہونے والے تین سمگلرز کو رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نےمنشیات چھوڑ کر فرار ہوگئے، ٹیم کے اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا اور اس دوران ایک ملزم جنید احمد کو حراست میں لیا جبکہ دوملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ایف بی آر فیض احمد نے بتایا کہ کسٹم انٹیلی جنس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کا عزم کیا ہے اور قوم کو منشیات سے نجات دلاکر دم لیں گے۔\378

لنڈی کوتل میں شائع ہونے والی مزید خبریں