مشیر زراعت کا سندھ بھر کے اضلاع میں ایڈیشنل واٹر کورسز کے معیار کو چیک کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

منگل 17 مئی 2022 23:36

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) مشیر زراعت منظورحسین وسان نے کہا ہے کہ سندھ کے تمام اضلاع میں بنائے گئے ایڈیشنل واٹر کورسز کے معیار کو چیک کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں‘کمیٹی ایڈیشنل واٹر کورسز کے معیار کو چیک کرے گی اگر کسی افسر کی کوتاہی ہوئی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور واٹر کورسز میں کتنا خرچہ ہوا اس کی بھی تحقیقات کروائی جائے گی۔

منظور وسان نے ڈی جی واٹرمنیجمنٹ ٹھارو مل دودانی اور ڈویژنل افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام زرعی اسکیمیں جلد ازجلد مکمل کی جائیں‘سندھ میں پانی کی قلت کے باعث واٹر کورسز کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کام کو تیز کریں‘جہاں کوتاہی ہوگی وہاں کا ضلعی افسر ذمہ دار ہوگا‘ سندھ بھر کے تمام اضلاع میں تقریباً واٹر کورسز کا کام مکمل ہوچکا ہے اور جہاں چل رہا ہے‘ وہاں تیزی لائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

مشیرزراعت منظورحسین وسان نے سندھ میں زرعی پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ زرعی پانی نہ ہونے کی وجہ سے سندھ میں فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے‘ کاشتکار پریشان ہیں‘ صورتحال خراب ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں یوریا کھاد کی اس وقت کوئی قلت نہیں ہے اور خریف سیزن میں یوریا کھاد ضرورت کے مطابق موجود ہے‘سندھ کو 797345 ملین میٹرک ٹن ضرورت ہے‘ جس میں سے 156513.60 ملین میٹرک ٹن مل چکی ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ خریف سیزن میں یوریا کھاد کی زخیرہ اندوزی کسی بھی صورت نہیں ہونے دیں گے ۔کاشتکاروں کو وقت پر یوریا کھاد ملنی چاہیے اور سرکاری مقرر کردہ قیمت پر ہی یوریا کھاد کاشتکاروں کو دلوائی جائے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں