سندھ سے کاپی کلچر کی لعنت کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے، نقل کی شکایات موصول ہونے پرامتحان منسوخ کر دیا جائے گا ،صوبائی وزیرمحمدعلی ملکانی

پیر 29 اپریل 2024 23:08

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سندھ سے کاپی کلچر کی لعنت کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے،امتحانات کے دوران کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،جہاں بھی نقل کی شکایات پائی جائیں گی،امتحان منسوخ کر دیا جائے گا اور پرچے دوبارہ لئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ لاڑکانہ کے دوران تعلیمی بورڈ کے افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حکم پر یہ دورے کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کاپی کلچرنہیں بلکہ پڑھا لکھا سندھ چاہیے، ہم ایک کمپیوٹرائزڈ نظام تیار کر رہے ہیں جس میں طلبا سندھ پبلک سروس کمیشن اور آئی بی اے کی طرح اپنے داخلہ اور امتحانی فارم آن لائن بھریں گے ،انہیں بورڈ میں نہیں آنا پڑے گا، طلبہ صرف مارک شیٹ اور دیگر سرٹیفکیٹس کیلئے بورڈ آئیں گے، امتحانات کے بعد ہم تمام بورڈز اور اعلیٰ سطح مشاورت کے بعد اس طریقہ کارکی تیاری کریں گے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ امتحانات سے قبل فارم بھرنے کا مخصوص وقت ہونا چاہیے،اس کے بعد فارم نہ لئے جائیں۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں