ملک میں پارلیمانی نظام جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مرہون منت ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

اتوار 14 اپریل 2024 21:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید جمہوریت ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مرہون منت ہےشہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایک ایسا آئین دیا جو ہر شہری کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا شہید بھٹو پاکستان کے واحد لیڈر تھے جن پر پوری امت مسلمہ کو آج بھی فخر ہے۔شہید نے اپنے دور حکومت میں امت مسلمہ کی وحدت اور یگانگت کے ٹھوس موقف کو بھرپور فروغ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آج ان کے بینادی فلسفہ جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا منشور بنایا ہے شہید ملت کے فلسفہ جمہوریت پر مکمل عملدرآمد سے ہی ہم عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریہ عوامی خدمت کو اپنائے کیونکہ ایک آزاد جمہوری معاشرہ ہی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔

لاڑکانہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں